خلا میں چھوڑے جانے والے 8مصنوعی سیارچوں کی الٹی گنتی شروع

حیدرآباد ، 24 ستمبر ( سیاست نیوز ) ہندوستانی خلائی تحقیقی ادارہ (اسرو) کی جانب سے 26 ستمبر کوخلا میں چھوڑے جانے والے 8مصنوعی سیارچوں کی الٹی گنتی آج صبح شروع ہوچکی ہے ۔ان سیارچوں کو 26 ستمبر کو صبح 9بجکر 12 منٹ پر آندھرا پردیش کے ضلع نیلور کے سری ہری کوٹہ میں واقع ستیش دھون خلائی مرکز کے پہلے لانچ پیڈ سے چھوڑا جائیگا۔ اس مشن کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں مصنوعی سیارچوں کو الگ الگ اونچائی والے مداروں میں نصب کیا جائے گا۔ اسے زمین سے 720 کلو میٹر کی دوری پر مدار میں چھوڑا جائے گا ۔ ایک گھنٹہ 20منٹ کے بعد اس راکٹ کے ذریعہ سات چھوٹے سٹلائٹس مدار میں چھوڑے جائیں گے ۔ ستیش دھون خلائی مرکز کے ڈائرکٹر کے کرشنن نے کہا کہ اسکیٹ سیٹ ون اس کو چھوڑنے کے 17منٹ بعد ہی علحدہ ہوجائے گا ۔ اسرو کے ذرائع نے بتایا کہ ان مصنوعی سیارچوں کوپی ایس ایل وی سی 35 سے چھوڑا جائے گا۔
یہ پی ایس ایل وی کے 37 ویں پرواز ہوگی جبکہ ایکس ایل موڈ میں یہ پی ایس ایل وی کی 15 ویں پرواز ہوگی۔ اس میں بنیادی سیٹلائٹ اسکیٹ سیٹ -1 ہوگا جس کا وزن 377 کلو گرام ہے ۔ اس سے بحری اور موسمیاتی مطالعہ میں مدد ملے گی۔اس کے علاوہ دو سیٹلائٹ ہندستانی یونیورسٹیوں / اداروں کے ہیں جبکہ دیگر پانچ سٹلائیٹ الجزائر، کینیڈا اور امریکہ کے ہیں۔