خلا میں انسانی مشن کا خاکہ تیار

’’گگن یان ‘‘ میں 3 خلائی مسافر 7 دن میں 400 کلومیٹر کی بلندی پر خلاء میں چکر لگائیں گے
نئی دہلی، 28 اگست (سیاست ڈاٹ کام) انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اِسرو) نے خلا میں ہندوستان کے انسانی مشن ‘گگن یان’ کا خاکہ تیار کر لیا ہے ۔ اسے 2022 ء سے پہلے انجام دیا جائے گا جس میں تین خلائی مسافر 5 سے 7 دن کیلئے زمین کی سطح سے 350 تا 400 کلومیٹر کی بلندی پر خلا میں چکر لگائیں گے اور انتہائی باریک کشش ثقل سے جڑے تجربات انجام دیں گے ۔خلا ئی محکمہ کے وزیر مملکت جتندر سنگھ کی موجودگی میں اسرو چیئرمین کے شون نے آج یہاں میڈیا کو بتایا کہ اہم مشن کو 40 ماہ کے اندر یعنی دسمبر 2021ء تک مکمل کرنے کا نشانہ ہے ۔ اس سے پہلے دو مرتبہ اس کا بغیر پائلٹ دوبار استعمال کیا جائے گا۔ پہلا بغیر پائلٹ گگن یان اب سے ڈھائی سال کی مدت میں اور دوسرا اب سے تین سال کی مدت میں بھیجا جائے گا۔مسٹر سنگھ نے بتایا کہ پورے مشن پر 10,000 کروڑ روپے سے بھی کم کا خرچ آئے گا جو کسی بھی بین الاقوامی معیار پر انتہائی سستا ہو گا۔ اس کیلئے اسرو کے بجٹ سے الگ الاٹمنٹ کیا جائے گا۔