موجاوے (امریکہ)۔ 2؍نومبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ تحقیقات کرنے والوں نے جو اولین کہکشانی پرواز کے خودکار خلائی جہاز کے ملبہ کا جائزہ لے رہے ہیں، کہا کہ 5 میل کے علاقہ میں کیلیفورنیا کے صحرا میں خلائی جہاز کا ملبہ بکھرا ہوا ہے۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ خلائی جہاز پرواز کے دوران ہی ٹکڑے ٹکڑے ہوگیا تھا۔ جب کسی جہاز کا ملبہ اس طرح وسیع علاقہ میں پھیلا ہوا ہو تو اس کا امکان زیادہ ہے کہ یہ خلائی جہاز دورانِ پرواز ٹکڑے ٹکڑے ہوگیا تھا۔ قومی ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ کے صدرنشین کرسٹوفر اے ہارٹ نے کل رات ایک پریس کانفرنس کے دوران اس کا انکشاف کیا۔ انھوں نے کہا کہ خلائی جہاز کے پھیلے ہوئے حصوں کے بارے میں تحقیقات سے قطعی طور پر اس بات کا پتہ چل جائے گا کہ یہ خلائی جہاز کہاں اور کیسے ٹکڑے ٹکڑے ہوگیا تھا، تاہم یہ بات تقریباً یقینی ہے کہ خلائی جہاز دورانِ پرواز ہی ٹکڑے ہوگیا ہوگا۔