خلائی ادارہ اسکائی روٹ راکٹ داغنے کیلئے پوری طرح تیار

خلائی تکنیک بل مرکزی کابینہ میں زیرغور، منظوری پر راکٹ داغنے کی اجازت
حیدرآباد۔26اپریل(سیاست نیوز) خلاء میں خانگی راکٹ داغے جاسکیں گے اور اس کیلئے ہندستان حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی کمپنی اسکائی روٹ پوری طرح سے تیار ہے ۔ خلائی تکنیک کے متعلق بل مرکزی کابینہ کے زیر غور ہے اور اگر مرکزی کابینہ کی جانب سے خانگی خلائی راکٹ داغنے کی اجازت مل جاتی ہے تو اسی صورت 2021 کے وسط میں حیدرآباد سے پہلا ہندستانی خلائی راکٹ داغا جائے گا۔ اسکائی روٹ کے سائنسداں جو کہ سابق میں انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن میں خدمات انجام دے چکے ہیں ان کا کہناہے کہ اسکائی روٹ اپنے ’’ وکرم‘‘ سیریز راکٹ کو خلا میں بھیجنے کے لئے تیار ہے اور اس کے لئے سرمایہ کاروں سے بات چیت کا عمل جاری ہے۔ مسٹر پون کمار چندنا‘ مسٹر ناگا بھارت داگا نے بتایا کہ خلائی ٹکنالوجی میں تیزی سے ترقی ریکارڈ کی جا رہی ہے اور ہندستان میں اسکائی روٹ پہلا خلائی ادارہ ہے جو کہ راکٹ داغنے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ آئندہ 10 برسوں میں7ہزار خلائی راکٹ خلاء میں پہنچائے جانے کی ضرورت ہوگی جو کہ مختلف اغراض کے لئے استعمال کئے جائیں گے اسی لئے خانگی ادارو ںکی ضرورت ہوگی اسی لئے وہ اسکائی روٹ کے قیام کے ذریعہ ان کوششوں کو فروغ دیتے ہوئے اس مقام تک پہنچ چکے ہیں کہ وہ وکرم سیریز کی تیار ی مکمل کرچکے ہیں اور آئندہ کے لئے سرمایہ کاروں سے مذاکرات جاری ہیں ۔ان دونوں سائنسدانوں کا کہناہے کہ وہ بین الاقوامی رجحانات پر کام کر رہے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ ہندستان میں خانگی خلائی اسٹیشنس کے متعلق نئی پالیسی کے اعلان کے فوری بعد نئے ادارے قائم ہونے لگیں گے لیکن اس سے قبل ہی ان کی کمپنی نے خلائی ٹکنالوجی کے کئی مراحل کو طئے کرنے میں کامیابی حاصل کرلی ہے اور آئندہ سرمایہ کاروں کے تعاون سے کمپنی کو مزید فروغ دیا جائے گا تاکہ دیگر ممالک میں خدمات انجام دینے والی خانگی خلائی کمپنیوں سے مسابقت کی جاسکے ۔ بتایاجاتا ہے کہ مستقبل قریب میں خلائی ٹکنالوجی کو جو فروغ حاصل ہوگا اور قومی و بین الاقوامی بازار میں جو ضرورتیں ہوں گی ان کو پورا کرنے کیلئے خانگیخلائی اسٹیشن ناگزیر ہے اسی لئے اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ بازار کی طلب کو پورا کرنے کیلئے تیار رہیں۔بتایاجاتا ہے کہ حکومت کی جانب سے مجوزہ بل میں اس بات کی گنجائش فراہم کی گئی ہے کہ سرکاری ادارو ںکی نگرانی میں خانگی خلائی اسٹیشنس کے قیام کی اجازت فراہم کی جائے اور محفوظ خلائی راکٹ داغنے کی ٹکنالوجی کو فروغ دیا جائے۔