خفیہ محکمہ کے آفیسرز کو مکمل یونیفارم میں رہنے کی ہدایت

حیدرآباد 19 فبروری (سیاست نیوز ) کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر مہیندر ریڈی نے خفیہ محکمہ کے تمام عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ کل سے وہ مکمل یونیفارم میں ڈیوٹی انجام دیں۔کمشنر پولیس کے دفتر سے جاری کردہ ایک سرکیولر کے بموجب سائبر کرائم اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم‘ ویمن پولیس اور دیگر ٹیموں کو مکمل یونیفارم پہننے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ کانسٹبل سے لیکر ڈپٹی کمشنر عہدیدار تک کو یونیفارم میں رہنے کی ضرورت ہے ۔ حال ہی میں کمشنر پولیس نے خفیہ محکمہ کا دورہ کرتے ہوئے اس کی کارکردگی کا جائزہ لیا تھا۔ سی سی ایس میں جہیز ہراسانی کیس کے ملزم نے ایک عہدیدار پر حملہ کیا تھا جو سادہ لباس میں تھا ۔ اس واقعہ کے بعد پولیس کمشنر نے یہ سرکیولر جاری کیا ہے اور خبردار کیا کہ سرکیولر کی خلاف ورزی کرنے والے عہدیداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔