خط قبضہ کی ہندوستانی چوکیوں پر پاکستان کا حملہ

جموں ۔ /10 اگست (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے گزشتہ 37 گھنٹوں میں دوسری مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے ۔ پاکستانی سپاہیوں نے جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں خط قبضہ سے متصل ہندوستان کی دور دراز والی چوکیوں کو نشانہ بنایا ہے جس پر ہندوستانی فورسیس نے بھی جوابی کارروائی کی ہے ۔ ڈیفنس ترجمان لیفٹننٹ کرنل منیش مہتا نے کہا کہ پاکستانی فوج نے ہندوستانی چوکیوں کو نشانہ بنایا ہے ۔ انہوں نے بلااشتعال چھوٹے اسلحہ اور خودکار ہتھیاروں سے حملے کئے ہیں ۔ ضلع پونچھ کے مدھر سیکٹر پر دن کے 11 بجکر 30 منٹ پر حملے کئے گئے جس کے جواب میں ہندوستانی سپاہیوں نے بھی فائرنگ کی ہے جس سے دونوں جانب مسلسل فائرنگ کا تبادلہ عمل میں آتا رہا ۔ پاکستانی فوج کی جانب سے آج کی گئی فائرنگ میں کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا ہے ۔ اس ماہ جنگ بندی کی یہ تیسری خلاف ورزی ہے جبکہ پاکستانی رینجرس کی جانب سے بی ایس ایف جوان کی ہندوستان کو حوالگی کے بعد سے دوسری مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی گئی ۔ /8 اگست کو 30 سالہ بی ایس ایف جوان ستیہ سشیل یادو کو ہندوستان کے حوالے کرنے کے 6 گھنٹوں بعد ہی پاکستان کی فوج نے ہندوستانی چوکیوں پر حملے کئے ۔