خطرناک گینگسٹر سمپت نہرا گرفتار

حیدرآباد7 جون (سیاست نیوز) سائبرآباد اسپیشل آپریشن ٹیم نے خطرناک گینگسٹر سمپت نہرا کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی۔ گرفتار گینگسٹر بدنام زمانہ لارینس بشنوئی ٹولی کا رُکن ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 26 سالہ سمپت نہرا ضلع چورو (راجستھان) کا متوطن ہے اور وہ چندی گڑھ میں روپوش تھا۔ نہرا کے خلاف کئی مقدمات زیرالتواء ہیں اور گزشتہ چند سال سے وہ روپوش ہوگیا تھا جس کے نتیجہ میں ہریانہ، پنجاب، راجستھان اور چندی گڑھ کی پولیس اسے تلاش کررہی ہے اور اسکے سَرپر نقد رقم کا انعام رکھا گیا تھا۔ گرفتار گینگسٹر کا تعلق بدنام زمانہ لارینس بشنوئی ٹولی سے ہے اور اس ٹولی نے حالیہ دنوں بالی ووڈ اسٹار سلمان خان کو جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی۔ گینگسٹر نہرا شارپ شوٹر ہے اور اس کا تعلق بعض طلبا تنظیموں سے بھی ہے۔ وہ سیاسی میدان میں عمل دخل رکھتا ہے۔ چند ماہ قبل مختلف ریاستوں کی پولیس نہرا کو گرفتار کرنے شہر پہونچی تھی لیکن وہ فرار ہوگیا تھا۔ 20 دن قبل وہ دوبارہ شہر واپس لوٹنے کے بعد گوکل پلاٹس میاں پور میں ایک کرایہ کا مکان حاصل کیا تھا کہ مادھا پور کی اسپیشل آپریشن ٹیم نے سمپت نہرا کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ وہ کئی سنگین وارداتوں میں ملوث ہے۔