خطرناک عسکریت پسند ابو جندال کی زندگی کو خطرہ لاحق: این آئی اے

نئی دہلی ۔ 8 ۔ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا حکومت کو یہ اندیشہ ہے کہ لشکر طیبہ کے سرکردہ عسکریت پسند ابو جندال کو جو کہ 26/11 ممبئی حملوں کا مبینہ سازشی ہے، جیل سے عدالت منتقلی کے دوران اس کا حریف گروپ قتل یا اغواء کرسکتا ہے۔ قومی تحقیقاتی ادارہ (این آئی اے) نے دہلی کی عدالت میں یہ اطلاع دی۔ ضلع جج امرناتھ کے اجلاس پر ایک درخواست پیش کرتے ہوئے اینے آئی اے نے کہا کہ جندال عرف سید ذبیح الدین جو کہ آرتھر روڈ جیل ممبئی میں مقید ہے، عدالت میں پیش کرنے کیلئے وارنٹ جاری کرنے کے بعد بھی اسے حاضر نہیں کیا جاسکا۔ جندال کے خلاف پیش کردہ چارج شیٹ میں یہ الزام ہے کہ ہندوستان میں دہشت گردانہ سرگرمیوں بشمول 26/11 ممبئی حملوں اور اورنگ آباد میں ہتھیاروں کے کیس کا اصل سازشی ہے ۔ این آئی اے نے یہ استدعا کی ہے کہ عدالت کی کارروائی میں سرعت اور ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ مقدمہ کی سماعت کی جائے ۔ حکومت مہاراشٹرا کی جانب سے مئی 2013 ء کو منظورہ قرارداد کا حوالہ دیتے ہوئے این آئی اے نے بتایا کہ پولیس کمشنر ممبئی کی درخواست پر غور و خوص کے بعد ملزم سید ذبیح الدین انصاری کو شخصی حاضری سے استثنیٰ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ اس کے خلاف مختلف کیس درج ہیں اور حریف گروپ کی جانب سے اس کے قتل یا اغواء کرنے کا اندیشہ ہے۔