تلنگانہ میںبارش کی صورتحال کا جائزہ، دہلی سے چیف منسٹر کی عہدیداروں سے بات چیت
حیدرآباد۔/21ستمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے دہلی سے حیدرآباد اور ریاست بھر میں ہونے والی بارش کا جائزہ لیا۔ حسین ساگر کے بشمول تلنگانہ کے تمام تالابوں پر گہری نظر رکھنے ، نشیبی علاقوں میں رہنے والے عوام کو محفوظ مقامات منتقل کرنے اور ضرورت پڑنے پر فوج اور ڈیساسٹر مینجمنٹ کی خدمات سے استفادہ کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ اپیکس کونسل کی میٹنگ میں شرکت کرنے والے چیف منسٹرکے سی آر نے کل رات کی بارش کا عہدیداروں کے ساتھ جائزہ لیا۔ شہر کے مضافاتی علاقوں میں پانی داخل ہوجانے سے عوام کافی پریشان ہیں، رات بھر عوام نے پانی میں گذارا اس کے علاوہ بیگم پیٹ و دیگر علاقوں میں بھی بارش نے کافی تباہی مچائی۔ حسین ساگر تقریباً لبریز ہوگیا ہے ، اس کے علاوہ مزید 5 دن تک ریاست میں بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ چیف منسٹر نے دہلی سے ٹیلی فون پر اعلیٰ عہدیداروں بالخصوص کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے علاوہ پولیس اور دوسرے عہدیداروں سے بات چیت کرتے ہوئے بارش سے جو تباہی اور نقصانات ہوئے ہیں اس پر فوری توجہ دینے کی ہدایت دی۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے عہدیداروں کے علاوہ دوسرے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ حسین ساگر کے پانی کی سطح کا جائزہ لیتے رہیں۔ اس کے علاوہ ریاست کے مختلف تالابوں اور کنٹوں پر نظر رکھیں اور خطرات کو ٹالنے کیلئے پہلے سے منصوبہ بندی کریں۔ چیف منسٹر کے سی آر نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن اور پولیس ملازمین کو ایک دوسرے سے تعاون و اشتراک کرتے ہوئے راحت کاری کے اقدامات کرنے کا مشورہ دیا۔ عوام کو تمام بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کا مشورہ دیا۔ بارش کے پیش نظر نشیبی علاقوں میں رہنے والے عوام کو منتقل کرنے کی ضرورت پڑنے پر ڈیساسٹر مینجمنٹ، پولیس اور فوج کی خدمات سے استفادہ کرنے کا مشورہ دیا۔ شہر حیدرآباد میں قائم کئے گئے کنٹرول روم کو وصول ہونے والی تمام شکایتوں پر فوری ردعمل ظاہر کرنے اور عوام کی مکمل مدد کرنے کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ آئندہ 2 یا تین دن تک بارش ہونے کی پیش قیاسی کی گئی ہے لہذا سرکاری مشنری پوری طرح متحرک رہے اور کسی بھی خطرہ سے نمٹنے کی حکمت عملی تیار کریں اور تمام احتیاطی اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ ہیلت کیمپس قائم کرنے کی محکمہ صحت کو ہدایت دی۔ چیف منسٹر دہلی میں ہیں باوجود اس کے وہ حیدرآباد کے علاوہ تلنگانہ کے تمام علاقوں پر بارش سے ہونے والے نقصانات پر اپنی نظر رکھے ہوئے ہیں۔