مرسل : ابوزہیر نظامی
خطبہ جمعہ نماز جمعہ کی شرط ہے بغیر اس کے نماز جمعہ صحیح نہیں ۔ (۲) خطبہ کا کم سے کم تین عاقل و بالغ قابل امامت آدمیوں کے سامنے پڑھنا شرط ہے ۔ جو شروع سے آخر تک موجود رہیں ۔ اگر اس سے کم آدمی رہیں تو شرط ادا نہ ہوگی ۔ (۳) خطبہ میں دو امور فرض ہیں ایک وقت‘ جو زوال آفتاب کے بعد اور نماز جمعہ کے قبل ہے ۔ اگر وقت ظہر سے قبل یا نماز جمعہ کے بعد خطبہ پڑھا جائے تو درست نہیں ۔ دوسرے اللہ تعالیٰ کا ذکر جو کم از کم بقدر سُبْحَانَ اللّٰہِ یا اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ یا اَللّٰہُ اَکْبَرْہو ۔ اگر خطبہ میں اللہ تعالیٰ کا ذکر نہ ہو تو خطبہ نہ ہوگا۔ (تنبیہ) اگرچہ سُبْحَانَ اللّٰہِ یا اَلْحَمْدُ لِلّٰہ ِ یا اَللّٰہُ اَکْبَرْ ایک بار بہ نیت خطبہ کہنے سے خطبہ ادا ہوجاتا ہے لیکن بلا عذر صرف اسی مقدار پر اکتفاء کرنا خلاف سنت اور مکروہ تحریمی ہے ۔
(۴) خطبہ میں بارہ سنتیں ہیں ۔ حسب تفصیل ذیل : (۱)باطہارت خطبہ پڑھنا ۔(۲) کھڑے ہو کر خطبہ پڑھنا ۔ (۳) خطیب کاقوم کی طرف منہ کرنا ۔ (۴)دو خطبے پڑھنا ۔ (۵) دونوں خطبوں کے درمیان اتنی دیر بیٹھنا کہ تین آیتیں پڑھ سکیں ( یا خطبہ پڑھنے والے کے تمام اعضاء قرار پاجائیں ) ۔ (۶) خطبہ شروع کرنے سے قبل دل میں اَعْوُذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّیْطَانِ الرَّجِیْمِ پڑھ لینا ۔ (۷) خطبہ ایسی آواز میں پڑھنا کہ لوگ سن سکیں ۔ (۸) خطبہ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ سے شروع کرنا ۔ (۹) خطبہ اولیٰ میں ان چیزوں کا ہونا: اللہ تعالیٰ کی حمد و ثناء‘ اس کی وحدانیت کی شہادت ‘ حضرت رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی رسالت کی شہادت آپ پر درود شریف ‘ مسلمانوں کو وعظ و نصیحت ‘ قرآن مجید کی تین چھوٹی آیتیں یا ایک بڑی آیت اور خطبہ ثانیہ میں پھر حمد و ثناء ‘ شہادتین ‘ درود شریف اور قرآن مجید کی ایک آیت کا پڑھنا اور وعظ و نصیحت کے بجائے مسلمانوں کے لئے دعاء کرنا (۱۰) خطبہ کو زیادہ طول نہ دینا ( بلکہ ہر دو خطبوں کو طوال مفصل میں سے کسی سورہ کے برابر رکھنا ) ۔
فائدہ : خطبہ مختصر اور نماز سے کم رہے ( بمقابلہ خطبہ) طویل۔ (۱۱) خطبہ منبر پر پڑھنا ۔ (۱۲) دونوں خطبوں کا عربی زبان میں ہونا ۔
(تنبیہ) خطبہ عربی میں پڑھنا سنت مؤکدہ ہے ۔ عربی کے سوا کسی اور زبان میں پڑھنا یا عربی کے ساتھ کسی اور زبان کی نظم یا نثر ملا دینا خلاف سنت مؤکدہ اور مکروہ تحریمی ہے ۔
فائدہ : نیز ستر عورت کے ساتھ یعنی بدن ڈھانکے ہوئے خطبہ پڑھنا اور خطبہ پڑھتے وقت عصا پکڑنا اور خطبہ شروع کرنے سے پہلے جبکہ مؤذن دوسری اذان کہتا ہو امام کا منبر پر بیٹھنا یہ امور بھی مسنون ہیں ۔
(نصاب اہل خدمات شرعیہ، حصہ پنجم)