خصوصی موقف کیلئے جلی کٹو طرز پر احتجاج ضروری نہیں ‘ چندرا بابو

امراوتی 23 جنوری ( پی ٹی آئی ) چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے آج فلم اسٹار و جنا سینا پارٹی سربراہ پون کلیان پر تنقید کی جنہوں نے ریاست کو خصوصی موقف دلانے جلی کٹو طرز پر احتجاج کی وکالت کی ہے ۔ ایک پریس کانفرنس میں پون کلیان کا نام لئے بغیر چیف منسٹر نے سوال کیا کہ ہمیں اس طرح کے احتجاج کی ضرورت کیا ہے ۔ جلی کٹو اور ریاست کیلئے خصوصی موقف کے مسئلہ میں کیا یکسانیت ہے ؟ ۔ جلی کٹو صرف ایک دیہی کھیل ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وہ ریاست کو خصوصی زمرہ کے مسئلہ پر وہ ایک حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ ہم نے ریاست کیلئے خصوصی معاشی پیکج حاصل کیا ہے ۔ کیا انہوں نے کسی مسئلہ پر کوئی سمجھوتہ کیا ہے ؟ ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کیلئے خصوصی زمرہ کے مسئلہ پر بھی جدوجہد کی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست سے نا انصافی ہوتی ہے تو وہ اس کے خلاف جدوجہد کرینگے ۔