خصوصی اختیارات قانون کی برخواستگی مسترد: سربراہ فوج

نئی دہلی ۔ 13 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سربراہ فوج جنرل بکرم سنگھ نے آج پاکستان کو انتباہ دیا کہ اگر پاکستان قواعد کی خلاف ورزی کرے جیسا کہ حال ہی میں فوجی کارروائی میں پاکستانی فوجیوں کے ہاتھوں ہندوستانی فوجیوں کی ہلاکت سے ظاہر ہوتا ہے تو ہندوستان خاموش نہیں بیٹھے گا۔ انہوں نے اس نظریہ کو مسترد کردیا کہ ہندوستانی فوج نے گزشتہ سال پاکستانی فوجیوں کی کارروائی پر جوابی کارروائی نہیں کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ تیقن دیتے ہیں کہ کارروائی کی جاچکی ہے ۔ جیو ٹی وی نے 23 ڈسمبر کو اس کی خبر بھی نشر کی تھی کہ ایک پاکستانی عہدیدار اور نوجوان ہلاک اور دیگر 12 یا 13 فوجی زخمی ہوگئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ

جب بھی خط قبضہ پر جنگ بندی کی خلاف ورزی ہوتی ہے ، عملی اعتبار سے مقامی سطح پر چھوٹی موٹی جنگ ہوتی ہے۔ ریاست جموں و کشمیر میں فوج کے خصوصی اختیارات قانون کی بعض علاقوں سے برخواستگی یا اس میں نرمی پیدا کرنے کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے بکرم سنگھ نے کہا کہ اس علاقہ کی موجودہ صورتحال بشمول وادی کشمیر میں دہشت گردوں کے امکانی پھیلاؤ کے پیش نظر جو افغانستان سے امریکی فوج کے تخلیہ کے بعد ممکن ہے۔ اس قانون کو مکمل یا جزوی طور پر ریاست جموں و کشمیر سے برخواست نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کوئی اقدام کرنے سے پہلے ہمیں کچھ دن تک انتظار کرنا اور صورتحال کا جائزہ لینا ہوگا۔