لندن ۔ 23 جون (سیاست ڈاٹ کام) شمالی آئرلینڈ میں ایک عدالت نے ایک مسافر بردار طیارے کے بارے میں سماعت کی ہے جسے شمالی آئر لینڈ کے دارالحکومت بیلفاسٹ میں اتار لیا گیا تھا حالانکہ وہ طیارہ روم سے شکاگو کے لیے پرواز پر تھا۔اس تبدیلی کا سبب مبینہ طور پر ایک شخص ہے جو خشک میوے اور کریکرز یعنی کرکرے بسکٹ نہ ملنے پر برہم ہو گیا تھا۔یونائٹیڈ ایئرلائنز کو ہفتہ کو بیلفاسٹ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اتارا گیا اور اسے 50 ہزار لیٹر ایندھن ضائع کرنا پڑا۔امریکی ریاست کیلیفورنیا کے رہائشی امریکی شہری جیریمیا متھائس ٹیڈی کو گرفتار کر کے پیر کو میجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا۔42 سالہ تھیڈے پر طیارے کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کا الزام ہے۔ان پر بدنظمی پیدا کرنے اور کیبن کے ایک اہلکار سے مارپیٹ کرنے کا بھی الزام ہے۔اس معاملے کی تفتیش کرنے والے پولیس اہلکار ولیم روبنسن نے کہا کہ انھیں بتایا گیا کہ پرواز کے 15 منٹ کے اندر ہی وہ اپنی سیٹ پر کھڑے ہو گئے جبکہ اس وقت تک سیٹ بیلٹ باندھے رکھنے کا نشان آن تھا۔پولیس نے بتایا کہ جب عملے کے ایک اہلکار نے انھیں اپنی سیٹ پر جانے کے لیے کہا تو انھوں نے انکار کر دیا اور وہ اس وقت تک نہیں گئے جب تک کہ انھیں خشک میوے اور کریکرز نہ دیے گئے۔شمالی آئرلینڈ کے شہر کولیرینے میں عدالت کو بتایا گیا کہ دس منٹ بعد وہ پھر اپنی سیٹ سے اٹھ گئے اور مزید خشک میوے اور کریکرز کا مطالبہ کیا لیکن انھیں منع کر دیا گیا۔ اس کے بعد انھوں نے چلانا شروع کر دیا اور گالیاں دینے لگے۔