خشک سالی سے نمٹنے فوری اقدامات کی اپیل

بی جے وائی ایم آندھراپردیش یونٹ صدر رمیش نائیڈو کا بیان
حیدرآباد ۔ 4 مئی (سیاست نیوز) بی جے وائی ایم آندھراپردیش یونٹ کے صدر رمیش نائیڈو نے آج حکومت آندھراپردیش سے اپیل کی کہ خشک سالی سے نمٹنے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ انگول، رائلسیما اور گنٹور میں8 اضلاع میں خشک سالی کی صورتحال پائی جاتی ہے۔ آج یہاں حیدرآباد میں اسٹیٹ بی جے پی آفس پر ایک پریس کانفرنس سے مخاطب کرتے ہوئے رمیش نائیڈو نے کہا کہ ان اضلاع میں پینے کے پانی کی شدید قلت ہے اور چارہ کی بھی۔ حکومت نے خشک سالی سے متاثرہ عوام کیلئے راحت پہنچانے کے سلسلہ میں کوئی اقدامات نہیں کئے ہیں۔ خواتین کو پینے کا پانی حاصل کرنے کیلئے کئی کیلومیٹرس جانا پڑرہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ گذشتہ سال بھی اس طرح کی صورتحال پیدا ہوئی تھی اور مرکزی حکومت نے آندھراپردیش بی جے پی کی درخواست پر 100 کروڑ روپئے جاری کئے تھے۔ انہوں نے ریاستی حکومت کے عہدیداروں سے پھر ایک مرتبہ ڈیٹا حاصل کرکے ڈسٹرکٹ کلکٹرس کے ذریعہ مرکز کو روانہ کرنے کی اپیل کی تاکہ مرکز سے مدد حاصل کی جاسکے اور ریاستی بی جے پی یونٹ کی جانب سے بھی خشک سالی ریلیف کیلئے فوری فنڈس جاری کرنے کی مرکز سے درخواست کی جائے گی۔