ممبئی ۔ یکم ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) شیوسینا کے صدر اُدھو ٹھاکرے نے آج بتایاکہ خشک سالی سے متاثرہ کسانوں کیلئے منظورہ مالی امداد ہنوز ادا کی نہیں کی گئی ہے ٹھاکرے جن کی پارٹی مہاراشٹرا میں بی جے پی کے ساتھ اقتدار میں شریک ہے ۔ اپنے ارکان اسمبلی کو ہدایت دی ہے کہ اسمبلی کے سرمائی اجلاس میں یہ مسئلہ اُٹھائیں جوکہ ناگپور میں 7 ڈسمبر سے شروع ہوگی ۔ شیوسینا بھون میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ میں نے حال ہی میں خشک سالی سے متاثرہ مرہٹواڑہ کا دورہ کیا جہاں پر کسانوں نے یہ شکایت کی کہ حکومت کی جانب سے منطورہ مالی امداد ہنوز تقسیم نہیں کی گئی ۔ انھوں نے دریافت کیا کہ اگر ضرورتمند کسانوں میں یہ رقم تقسیم نہیں کی گئی تو پھر کہاں گئی ؟ شیوسینا لیڈر نے مرکزی وزیر زراعت رادھا موہن سنگھ کے اس بیان پر تنقید کی کہ حکومت مہاراشٹرا نے مالی پیکیج کی سفارشات تاخیر سے روانہ کی ہے اور مرکزی وزیر پر طنز کیا کہ آیا وہ کوئی ماہر ہے کہ خشک سالی سے متاثرہ حالات کا قبل از وقت تجزیہ پیش کرسکتے ہیں۔ ان کا یہ بیان صدمہ انگیز اور بدبختانہ ہے ۔