ریاستی حکومت پر دکن ڈیولپمنٹ سوسائٹی کی تنقید
حیدرآباد ۔ 2 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : دکن ڈیولپمنٹ سوسائٹی نے ریاستی حکومت کو اس بات کے لیے شدید تنقید کا نشانہ بنایا کہ وہ اس کے نعرے ’ منا تلنگانہ منا ویاوسم ‘ جس کو کہ حکومت ایک ترقیاتی اقدام تصور کرتی ہے کے باوجود صنعتوں کی ترقی پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے جس کے خشک سالی سے متاثرہ کسان مزید پریشان ہورہے ہیں ۔ یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈائرکٹر دکن ڈیولپمنٹ سوسائٹی پی وی ستیش ، ڈاکٹر ڈبلیو جی پرسنا کمار پروفیسر ڈیزاسٹر مینجمنٹ و دیگر نے کہا کہ ملک میں زیادہ تر ریاستیں شدید گرمی ، ماحولیاتی مسائل سے دوچار ہیں ۔ جس سے فصلیں تباہ ہوچکی ہیں ۔ ایسے میں حکومت کو چاہئے کہ وہ خشکی کی فصلوں کو اگانے کی ہمت افزائی کریں ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت تلنگانہ میں چاول کی فصلوں پر توجہ دے رہی ہے ۔ موجودہ قلت آب سے کسان پریشان ہیں جب کہ ایک کلو چاول کی کاشت کے لیے تقریبا چار ہزار لیٹر پانی کی ضرورت پیش آتی ہے ۔ ان قائدین نے حکومت سے کہا کہ وہ مکئی ، دالوں اور تیل کے بینچ کی فصلوں کو اگانے چھوٹے کسانوں کی ہمت افزائی کریں ۔۔