انقرہ ،یکم نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ترکی کی حکمران جسٹس اینڈڈیولپمنٹ پارٹی (اے کے پارٹی) کے ترجمان عامر سالک نے کہا کہ سعودی صحافی جمال خشوگی کا قتل اعلی سطح کے حکام کے حکم کے بغیر نہیں ہوا ہوگا۔ترکی اخبار روزنامہ ’صبا‘ کے حوالہ سے مسٹر سالک نے کہا کہ یہ ممکن نہیں ہے کہ سعودی حکام کو اب بھی صحافی کی نعش نہیں ملی۔رپورٹ میں مسٹر سالک نے کہاہم جاننا چاہتے ہیں کہ خشوگی کی نعش کہاں ہے ، ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے حکام کو تفصیلات ملے کہ ان کے مقامی ساتھی کون ہیں۔ترجمان نے دوہرایا کہ ترکی کسی اعلی حکام پر الزام نہیں لگا رہا ہے اور اس بات پر زور دیا کہ ترکی اس واقعہ کے سلسلہ میں کسی بھی حقائق کو چھپانے کی اجازت نہیں دے گا۔غور طلب ہے کہ سعودی عرب کی پالیسیوں پر تنقید کرنے والے خشوگی گذشتہ دو اکتوبر کو استنبو ل میں سعودی قونصل خانے میں داخل ہونے کے بعد غائب ہو گئے تھے۔