روم ۔ 20 جنوری۔( سیاست ڈاٹ کام) پوپ فرانسس جو حال ہی میں اپنے ایک ہفتہ طویل دورۂ ایشیاء سے واپس آئے ہیں ، انھوں نے آج یہاں ایک اہم بیان دیتے ہوئے کیتھولک فرقہ کو انتباہ دیا کہ وہ ’’خرگوش کی نسل ‘‘ کی طرح بچے پیدا نہ کریں اور اسطرح انھوں نے عیسائیت کے اس موقف کا دفاع کیا جہاں مانع حمل طریقہ کار اپناتے ہوئے زائد بچوں کی پیدائش کو روکا جاتا ہے ۔ انھوں نے دنیا کے 1.2 بلین رومن کیتھولک فرقہ سے درخواست کی کہ وہ ذمہ دار والدین کا رول ادا کریں ۔ جب بچے کم ہوں گے تو ذمہ داریوں کا بوجھ بھی کم ہوگا اور آپ اپنے بچوں کو صحیح تعلیم و تربیت کے علاوہ والدین کی محبت اور توجہ بھی دے پائیں گے ۔ فلپائن سے واپسی کے دوران صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک بار انھوں نے سات بچوں کی ایک ایسی ماں سے سوال کیا جو آٹھویں بچے کے ساتھ حاملہ تھی ، کہ کیا وہ اپنے پیچھے اپنے سات بچوں کو یتیم چھوڑکر جانا چاہتی ہے جس کا جواب دیتے ہوئے خاتون نے کہا تھا کہ اُسے خدا پر بھروسہ ہے ۔ پوپ فرانسس نے کہا کہ خدا نے ہمیں ذمہ داری نبھانے کے ذرائع بھی بتائے ہیں۔