خراب موسم، ’تباہ شدہ‘ طیارہ کی تلاش کاعمل ملتوی

کینبرا ، 25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) خراب موسم کی وجہ سے ملائیشیائی ایئر لائنز کے بوئنگ طیارہ کا ملبہ ڈھونڈنے کا آپریشن ملتوی کر دیا گیا ہے۔ خبر رساں ادارہ روئٹرز نے بتایا کہ تیز ہواؤں، طغیانی اور گہرے بادلوں کی وجہ سے MH370 کے ملبہ کی تلاشی کا عمل غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا گیا ۔ آج آسٹریلین میریٹائم سیفٹی اتھارٹی کے بیان میں کہا گیا کہ بحر ہند کے جس مقام پر ملائیشیائی طیارہ گر کر تباہ ہونے کے شواہد ملے ہیں، وہاں سرچ آپریشن جاری رکھنا خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ تاہم پیر کو جب خراب موسم کی وجہ سے سرچ آپریشن روکا گیا، اس وقت تک اس طیارہ کے ملبے کے کوئی آثار نہیں ملے تھے۔

آسٹریلیائی شہر پرتھ سے 2500 کیلومیٹر دور جنوب مغربی آبی حدود میں سرچ آپریشن کی سربراہی آسٹریلیائی بحریہ کر رہی ہے۔ سٹیلائٹ تصاویر کے مطابق یہ وہی مقام ہے جہاں بوئنگ طیارہ تباہ ہوا ۔ اس سرچ آپریشن کو ابتدائی طور پر چوبیس گھنٹے کیلئے ملتوی کیا گیا تھا۔ تاہم بعد ازاں آسٹریلیائی نائب وزیر اعظم وارن ٹروس نے خبردار کیا کہ اس بات کی کوئی ضمانت نہیں کہ موسم جلد ہی بہتر ہو جائے گا اور سرچ آپریشن بحال کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ امدادی کارروائیاں نئے مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں اور انھیں ملائیشیائی حکام کا تعاون ملنے کی توقع ہے۔