نیویارک ، 6 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے 161 برس قبل 20 جنوری 1853ء کو شائع اپنے شمارہ کی ایک خبر میں املا کی غلطی کی 4 مارچ 2014ء کے شمارہ میں تصحیح کی ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارہ کے مطابق ایک نام کے ہجے میں غلطی کی نشاندہی ٹوئٹر پر ایک قاری نے نیویارک ٹائمز کی پرانی فائلیں دیکھنے کے بعد کی۔ اخبار نے ٹوئٹر پیغام موصول ہونے کے بعد اپنے 4 مارچ کے شمارہ میں لکھا کہ 20 جنوری 1853ء کو شائع ایک مضمون میں جو ’سولومن نارتھ اپ‘ کی یادداشتوں پر مبنی تھا مصنف نے اپنے نام میں املا کی غلطی کی تھی۔ سولومن نارتھ کی ان یادداشتوں پر 160 برس بعد گزشتہ سال فلم ’ 12 ایئرز آ سلیو‘ بھی بنائی گئی تھی۔ اس فلم نے گزشتہ اتوار کو 86 ویں اکیڈمی ایوارڈ میں بہترین فلم کا آسکر ایوارڈ جیتا ہے۔