خبردار ! ‘ ٹریفک قواعد کی خلاف ورزی ‘ لائسنس کی الٹی گنتی ثابت ہوگی

آج سے شہر میں پوائنٹ سسٹم پر عمل آوری کا آغاز
شہریوں کو انداز سفر بدلنا ہوگا ‘ غفلت پر مشکلات ممکن‘ 12 پوائنٹس ہونے پر لائسنس ضبط ہوگا
حیدرآباد 31 جولائی ( سیاست نیوز ) حیدرآبادی عوام کو اب اپنا انداز سفر بدلنا پڑے گا ۔ غفلت و لا پرواہی کی برسوں قدیم عادت کو اب بہرصورت بدلنا ہوگا ۔ ٹریفک پولیس کل منگل یکم اگسٹ سے نیا طریقہ کار اختیار کرنے جا رہی ہے جس سے ڈرائیونگ میں حد درجہ احتیاط لازمی ہوجائیگی ۔ ذرا سی غفلت و لاپرواہی اب ہمیشہ کیلئے ڈرائیونگ پر پابندی کا سبب بن سکتی ہے ۔ شہریوں میں یہ رجحان ایک عام بات ہے کہ یہاں دیکھا جائیگا ۔ لیکن اب بالکل ایسا نہیں چلے گا یہ رجحان جیل کی سلاخوں کے پیچھے پہونچا سکتا ہے ۔ شہر میں یکم اگست سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر پوائنٹ سسٹم لاگو کردیا گیا ہے ۔ ٹریفک پولیس نے مختلف قسم کی خلاف ورزیوں پر مختلف انداز سے جرمانوں کے علاوہ اب مختلف انداز کے پوائنٹس دئیے جائینگے ۔ 12 پوائنٹس انتہائی حد مقرر کی گئی ہے اور جب پوائنٹس 12 تک پہونچ جائیں تو پھر سمجھو لائسنس ضبط اور دوبارہ گاڑی چلانے کی اجازت کو بھی ختم کردیا جائے گا ۔ شہر کی ٹریفک پولیس کو ملک میں یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے شہر میں پہلی مرتبہ غیر رقمی جرمانوں کے طریقہ کار کو رائج کیا اور اب پوائنٹس سسٹم کو بھی حیدرآباد پولیس رائج کرنے جا رہی ہے ۔ مثال مشہور ہے کہ نمبرات کے اضافہ کیلئے دوڑ دھوپ کی جاتی ہے لیکن اب شہر کی سڑکوں پر قوانین کی خلاف ورزی کے نمبرات سے بچنے کی فکر لاحق ہوگی ۔ حیدرآباد سٹی ٹریفک پولیس نے اس طریقہ کار پر عمل آوری کیلئے آزمائشی عمل بھی مکمل کرلیا ہے اور اس پالیسی پر یکم اگست سے عمل شروع ہوگا ۔ ٹریفک پولیس نے قوانین کی خلاف ورزی کے زمروں کو پوائنٹس میں اس طرح سے تقسیم کیا ہے ۔ آٹو میں پائلٹ سواری ( ڈرائیور کے بازو ) پر (1) پوائنٹ سبب بنے گا ۔ حد سے زیادہ مسافرین کو سوار کروانے پر (2) پوائنٹ ، بغیر ہیلمٹ اور بغیر سیٹ بیلٹ گاڑی چلانے پر (1) پوائنٹ ۔ غلط راستہ مخالف روٹ یا رانگ روٹ میں گاڑی چلانے پر (2) پوائنٹ ، تیز رفتار گاڑی چلانے 40 کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے مقررہ سڑکوں پر (2) پوائنٹ ، 40 کیلو میٹر فی گھنٹہ رفتار مقرر کردہ سڑکوں پر 40 سے زائد رفتار میں چلانے پر (3) پوائنٹ ۔ نشہ کی حالت میں گاڑی چلانے والے ٹو وہیلرز گاڑیوں کے خلاف (3) پوائنٹ ۔ نشہ کی حالت میں 4 وہیلرز ، 6 وہیلرزو دیگر بڑی گاڑیاں چلانے پر (4) پوائنٹ ، پبلک سرویس گاڑیوں جیسے کیاب ، بس وغیرہ نشہ کی حالت میں چلانے پر (5) پوائنٹ اور اسپیڈ بے لگام بے قابو رفتار پر (3) پوائنٹ ۔ روڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں ، شرائط کو نظر انداز کرنے والوں ساونڈ پولیوشن کا سبب بننے والوں ، غلط پارکنگ سے دوسروں کیلئے مشکلات پیدا کرنے والوں کیلئے (2) پوائنٹ ، موثر تفصیلات و دستاویزات نہ رکھنے کی صورت میں (2) ، سڑک حادثہ میں متاثر کو زخم آنے پر (2) اور سڑک حادثہ میں کسی کی ہلاکت پر (5) پوائنٹ مقرر ہیں ۔ یہ پوائنٹس جمع کئے جائیں گے ۔ اسکے علاوہ اگر کسی کی موٹر سیکل سرقہ یا رہزنی کی واردات میں پائی گئی تو اس کے خلاف (5) پوائنٹ درج کئے جائینگے ۔ یہ عمل حیدرآباد پولیس کمشنریٹ میں کل سے شروع ہوگا ۔