کل باغ لنگم پلی تا وی ایس ٹی ریالی ، تلنگانہ پرائیوٹ ادیوگولا سنگھم
حیدرآباد ۔ 2 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ پرائیوٹ اودیو گولا سنگھم کے ملازمین کے دیرینہ حل طلب مسائل کی یکسوئی کے مطالبہ پر (TPUS) کے زیر اہتمام 4 جنوری کو صبح 11 بجے دن باغ لنگم پلی سندریا پارک تا وی ایس ٹی یونین ہال ریالی منظم کرنے کے علاوہ جلسہ عام منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے جس میں وزیر داخلہ مسٹر این نرسمہا ریڈی ، تلنگانہ وزراء کے ٹی راما راؤ ، مسٹر جوپلی کرشنا راؤ ، چیرمین پولٹیکل جے اے سی پروفیسر کودنڈا رام مہمان خصوصی کے علاوہ دیگر ریاستی وزراء اور سیاسی و عوامی قائدین اور پرائیوٹ سیکٹر ملازمین کی کثیر تعداد شرکت کرے گی ۔ اسبات کا اعلان آج یہاں صدر سنگھم ایس وینکٹ ریڈی ، جنرل سکریٹری ٹی پی یو ایس کے راجندر ، صدر مہیلا ٹی پی یو ایس شریمتی کے ممتا ریڈی ، آئی ٹی ونگ انچارج مسٹر شرت چندر نے منعقدہ پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ حکومت ریاست کے پرائیوٹ سیکٹر کے ملازمین کو درپیش مسائل کی یکسوئی پر توجہ نہیں دے رہی ہے جب کہ تلنگانہ میں سرکاری ملازمین کی بہ نسبت پرائیوٹ ملازمین کی کثیر تعداد موجود ہے اور حکومت نے ریاست کے سرکاری ملازمین کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو پورا کررہی ہے ۔ جب کہ پرائیوٹ ملازمین کے مسائل جوں کے توں برقرار ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ علحدہ ریاست تلنگانہ تحریک میں پرائیوٹ ملازمین نے تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا اس کے باوجود تلنگانہ حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی پرائیوٹ ملازمین کی تلنگانہ تحریک کے دوران دی گئی قربانیوں کو فراموش کردیا ہے ۔ انہوں نے چیف منسٹر تلنگانہ سے پر زور مطالبہ کیا کہ وہ پرائیوٹ ملازمین کو درپیش مسائل کے حل میں خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے ٹی پی یو ایس کے مطالبات پر ہمدردانہ غور کرے ۔ اس موقع پر ٹی پی یو ایس قائدین مسرز انیل ، گنیش ، پربھاکر ، سرینواس ریڈی ، بھاسکر ، شوبھن ، سمپت بھی موجود تھے ۔۔