حیدرآباد 22 جنوری ( این ایس ایس ) تلنگانہ لکچررس فورم نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ خانگی انٹرمیڈیٹ ‘ ڈگری ‘ پی جی اور انجینئرنگ کالجس میں برسر خدمت لکچررس کیمسائل کو فوری حل کیا جائے ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے تلنگانہ لکچررس فورم کے قائدین پی مرلی منوہر اور یو سدیشور نے کہا کہ انہوں نے مرکزی وزیر بنڈارو دتاتریہ کو اس سلسلہ میں ایک یادداشت بھی پیش کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ایل ایف نے تلنگانہ تحریک میں اہم رول ادا کیا ہے لیکن انہیں ہیلت کارڈ اور ای پی ایف جیسی سہولیات نہیں دی گئی ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ خانگی کالجس کو تنخواہیں اے آئی سی ٹی ای اور یو جی سی قوانین کے مطابق ادا کرنے کیلئے پابند کرے اور خانگی لکچررس کو بھی سرکاری لکچررس جیسی سہولیات فراہم کی جائیں۔