خانگی تعلیمی ادارہ جات کے متعدد بسوں کی حالت ابتر

فٹنس سرٹیفیکٹ کے حصول میں ٹال مٹول ، آر ٹی اے کی مہم میں انکشاف
حیدرآباد۔31مئی (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں چلائی جانے والی اسکول بسوں کے خلاف آر ٹی اے کی خصوصی مہم کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ شہر اور نواحی علاقوں میں موجود تعلیمی ادارہ جات میں چلائے جانے والی نصف سے زائد بسوں کی حالت انتہائی ابتر ہے اسی لئے ان ادارۂ جات کی جانب سے آر ٹی اے کے ذریعہ فٹنس سرٹیفیکیٹ کے حصول کو نظر انداز کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ حکومت کی جانب سے جاری کردہ خصوصی ہدایات کے بعد شہر حیدرآباد ‘ رنگا ریڈی اور میڑچل میں موجود تعلیمی اداروں میں طلبہ کے سفر کیلئے استعمال کی جانے والی بسوں کی صورتحال کا جائزہ لیا جا رہاتھا اس دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ شہر میں چلائی جانے والے خانگی تعلیمی اداروں کی بسوں کی حالت انتہائی ابتر ہونے کے سبب ان بسوں کے فٹنس سرٹیفیکیٹ حاصل نہیں کئے جاتے اور ان بسوں میں اسکولی طلبہ کو سفر کروایاجاتا ہے جو کہ خطرہ سے خالی نہیں ہوتا۔ آر ٹی اے عہدیداروں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے جاری کردہ احکام کے بعد چلائی گئی خصوصی مہم کے دوران اسکول انتظامیہ کو اس بات کا پابند بنایا گیا ہے کہ وہ فٹنس سرٹیفیکیٹ نہ رکھنے والی بسوں کو استعمال نہ کریں اور اگر ان کی جانب سے یہ بسیں استعمال کی جاتی ہیں تو انہیں ضبط کرلیاجائے گا۔ بتایاجاتا ہے کہ شہر میں 8753ایسی اسکول بسیں ہیں جنہیں ابھی تک بھی فٹنس سرٹیفیکیٹ جاری نہیں کیا گیا اور نہ ہی ان بسوں کے مالکین کی جانب سے فٹنس سرٹیفیکیٹ کیلئے درخواست داخل کی گئی ہے۔ محکمہ روڈ ٹرانسپورٹ اتھاریٹی کی جانب سے فراہم کی جانے والی تفصیلات کے مطابق مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں جملہ 12ہزار 977 خانگی تعلیمی اداروں کی بسیں چلائی جاتی ہیں اور ان بسوں میں صرف30 فیصد بسوں کی جانب سے فٹنس سرٹیفیکیٹ حاصل کیا گیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ جملہ بسوں میں 1700 سے زائد ایسی بسیں ہیں جو کہ 15سال سے زیادہ پرانی ہوچکی ہیں ۔ آر ٹی اے عہدیداروں نے بتایا کہ خانگی تعلیمی اداروں میں چلائی جانے والی بسوں پر لازم ہے کہ وہ طلبہ کی آمد ورفت کے لئے استعمال کی جانے والی بسوں کے فٹنس سرٹیفیکیٹ لازمی حاصل کریں۔ محکمہ تعلیم کے عہدیداروں نے بتایا کہ شہر حیدرآباد ‘ رنگاریڈی اور میڑچل کے حدود میں چلائی جانے والی بسوں کے خلاف خصوصی مہم چلانے کا مقصد شہری علاقوں میں موجود تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ ریاست کے دیگر شہری اضلاع میں بھی اس طرح کی مہم کی ہدایت جاری کی گئی ہے جبکہ دیہی علاقوں کے تعلیمی اداروں میں بسوں کے استعمال کا کلچر نہ ہونے کے سبب ان علاقو ں میں یہ مہم نہیں چلائی جا رہی ہے۔ دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد میں تعلیمی سال کے آغاز سے قبل بسوں کے فٹنس سرٹیفیکیٹ حاصل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے محکمہ آر ٹی اے کی جانب سے اسکول انتظامیہ کو اس بات کی تاکید کی جا رہی ہے کہ وہ بغیر فٹنس سرٹیفیکیٹ کے حصول کے بسوں کو چلانے کی کوشش نہ کریں۔