حیدرآباد 12 جنوری (سیاست نیوز) ریاستی محکمہ ٹرانسپورٹ کے عہدیداروں نے مختلف مقامات پر غیر مجاز طور پر محکمہ ٹرانسپورٹ قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے چلائی جانے والی خانگی بسوں کی اچانک تنقیح کرتے ہوئے تقریباً 30 خانگی بسوں کو ضبط کیا۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کے باوثوق ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہاکہ تلسنکرات تہوار کے موقع پر خصوصی طور پر غیر مجاز طور پر چلائی جانے والی خانگی ٹراویل بسوں کی تنقیح کرنے کے لئے مختلف مقامات پر محکمہ ٹرانسپورٹ کے عہدیداروں نے اچانک دھاوے کرکے گاڑیوں کی تنقیح کی۔ اس تنقیح پر ضلع کرشنا کے جگیا پیٹ منڈل گریکا پاڈو چیک پوسٹ کے پاس تین خانگی ٹراویل کی بسوں کو ضبط کیا گیا۔
اسی طرح ضلع کرنول کے پولور ٹول پلازا کے پاس بنگلور ہائی وے (قومی شاہراہ) پر اعلیٰ عہدیداران محکمہ ٹرانسپورٹ نے گاڑیوں کی مکمل تنقیح کرکے غیر مجاز طور پر چلائی جانے والی اور قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پکڑی گئی 9 خانگی بسوں کو ضبط کرلیا اور مزید 5 خانگی بسوں کے خلاف جرمانے عائد کرتے ہوئے قانونی کارروائی کی گئی۔ اس کے علاوہ ضلع گنٹور کے چلکالوری پیٹ کے مقام پر 5 خانگی بسوں کی تنقیح کرتے ہوئے ان گاڑیوں کو ضبط کرلیا۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ وشاکھاپٹنم کے مقام گاجوواکا، شیلا نگر جنکشن پر خانگی بسوں کی تنقیح کرتے ہوئے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے چلائی جانے والی 9 خانگی بسوں کو محکمہ ٹرانسپورٹ کے عہدیداروں نے ضبط کیا۔ علاوہ ازیں مشرقی گوداوری ضلع میں بھی 9 خانگی بسوں کو ضبط کیا گیا۔