اولیائے طلبہ سے سماعت ، کنوینر عام آدمی پارٹی آر وینکٹ ریڈی کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 11 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : کنوینر عام آدمی پارٹی تلنگانہ مسٹر آر وینکٹ ریڈی نے حکومت تلنگانہ سے مطالبہ کیا کہ وہ ریاست میں واقع تمام پرائیوٹ اسکولوں کی فیس کی حد مقرر کرتے ہوئے فیس کے قانون کو باقاعدہ بنانے کے علاوہ ریاست کے تمام سرکاری اسکولوں کے تعلیمی نظام میں بہتری پیدا کرتے ہوئے کے جی تا پی جی مفت تعلیم کے اپنے وعدے کو پورا کرے ۔ وہ آج یہاں عام آدمی پارٹی کے زیر اہتمام پرائیوٹ اسکولوں کی فیس کا تعین کرنے اور سرکاری اسکولوں میں تعلیمی نظام کو بہتر بنانے سے متعلق عوامی سماعت اجلاس سے مخاطب تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں واقع پرائیوٹ اسکولس کی جانب سے من مانی فیس کی وصولی کے نتیجہ میں غریب اور متوسط طبقہ کے عوام کو کئی دشواریوں کا سامنا ہے ۔ ریاست کے سرکاری اسکولوں میں ناقص تعلیمی نظام اور اہم بنیادی سہولتوں کے فقدان کے نتیجہ میں عوام مجبورا پرائیوٹ اسکولس میں اپنے نونہالوں کو شریک کروا رہے ہیں ۔ سرکاری اسکولس پر سے عوام کا اعتماد اُٹھ چکا ہے ۔ اس کے باوجود ریاست میں برسر اقتدار حکومت نہ تو سرکاری مدارس کے تعلیمی نظام کو بہتر بنانے میں دلچسپی لے رہی ہے اور نہ ہی پرائیوٹ اسکولس میں وصول کی جانے والی من مانی فیس پر قابو کرتے ہوئے فیس کی حد مقرر کرنے پر زور دے رہی ہے جس کی وجہ سے ریاست کے غریب عوام اپنی کمائی کو پرائیوٹ اسکولس کی نذر کررہے ہیں اور وہ اپنی آمدنی سے زیادہ اپنے بچوں کی تعلیم کا خرچ برداشت کرنے سے قاصر ہیں ۔ اس موقع پر ترجمان عام آدمی پارٹی پروفیسر ویشور راؤ نے حکومت پر زور دیا کہ وہ فوری ریاست میں واقع تمام پرائیوٹ اسکولس کی فیس کی حد کا تعین کرے اور سرکاری اسکولوں کے تعلیمی نظام میں بہتری پیدا کرے ۔ قبل ازیں عوامی سماعت میں مقامی اور اضلاع کے مختلف اولیاء طلباء تنظیموں کے ذمہ داران اور اولیاء طلباء مسرز سمپت ، نتیش ، غلام محمد قریشی ، شریمتی سلمیٰ بیگم ، شریمتی الویلو ، وشنو ، سیما اگروال ، ایلیا ، عبدالسمیع ، ڈی لنگیا ، ٹی ستیہ نارائنا ، کشن ، محمد خالد ، ناگاراجو ، پرتاپ سنگھ کے علاوہ دیگر اولیاء طلباء نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے پرائیوٹ اسکولوں میں وصول کی جانے والی من مانی فیس پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ سرکاری اسکولس میں تعلیم کے ناقص انتظامات اور اہم بنیادی سہولتوں کے فقدان کی وجہ سے وہ اپنے بچوں کو پرائیوٹ اسکولس میں تعلیم دلانے پر مجبور ہیں حکومت کو چاہئے کہ وہ فوری پرائیوٹ اسکولوں کی تعلیمی فیس کا تعین کرنے کے علاوہ سرکاری نظام تعلیم میں بہتری پیدا کرے ۔ اولیائے طلباء نے عام آدمی پارٹی کی جانب سے اس سلسلہ میں عوامی سماعت کے اجلاس کے قیام پر عام آدمی پارٹی کی ستائش کی ۔ اس موقع پر صدر پیرینٹس اسوسی ایشن ڈاکٹر سشانت کمار ، کو کنوینر ٹیچرس فورم فار چائیلڈ رائٹس مسٹر این جناردھن ، عام آدمی پارٹی قائدین مسرز شریمتی ایس نسیم بیگم ، شریمتی نمروتا ، میر محمد علی خالد ، محمد بشیر الدین اور دیگر موجود تھے ۔۔