خانقاہ نوریہ کی 5 ایکراراضی کے تحفظ میں وقف بورڈ کو اہم کامیابی

۔24غیر مجاز رجسٹریوں میں 12 کی منسوخی، صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم کی کامیاب مساعی
حیدرآباد۔/28اگسٹ، ( سیاست نیوز) بنڈلہ گوڑہ میں واقع خانقاہ نوریہ کی 5 ایکر 13 گنٹے قیمتی اوقافی اراضی کے تحفظ میں تلنگانہ وقف بورڈ کو اہم کامیابی ملی ہے۔ وقف بورڈ نے اس اراضی پر 24 مختلف افراد کی جانب سے کی گئی غیر قانونی رجسٹریوں کی منسوخی میں پیشرفت کرتے ہوئے 12 رجسٹریوں کو منسوخ کردیا۔ سب رجسٹرار اعظم پورہ نے آج وقف بورڈ کی دستاویزات کا جائزہ لینے کے بعد رجسٹریوں کی منسوخی عمل میں لائی اور منسوخی کے کاغذات وقف بورڈ کے حوالے کردیئے۔ مزید 12 غیر مجاز رجسٹریوں کی منسوخی اندرون 2 یوم عمل میں آئے گی۔ واضح رہے کہ خانقاہ نوریہ بنڈلہ گوڑہ کی اراضی پر موجود وقف جائیدادیں وقف بورڈ کی راست نگرانی میں ہیں۔ حال ہی میں 24 افراد نے وقفہ وقفہ سے اراضی کی خریدی کے کاغذات تیار کرتے ہوئے جملہ 5 ایکر 13 گنٹے اراضی کی رجسٹری مکمل کرلی تھی۔ بعض افراد نے وقف اراضی کو اپنی ذاتی اراضی ظاہر کرتے ہوئے اسے فروخت کردیا تھا۔ اطلاع ملنے پر صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے وقف بورڈ کے عہدیداروں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے مذکورہ اراضی کے تمام دستاویزات طلب کیا اور انہیں ہدایت دی کہ رجسٹری کی منسوخی کا عمل شروع کیا جائے۔ واضح رہے کہ حال ہی میں حیدرآباد ہائی کورٹ کے ڈیویژن بنچ نے اپنے فیصلہ میں کہا تھا کہ اوقافی اراضیات پر غیر مجاز رجسٹریوں کی منسوخی کا وقف بورڈ کو اختیار حاصل ہے۔ ہائی کورٹ کے اس فیصلہ سے استفادہ کرتے ہوئے صدرنشین وقف بورڈ نے عہدیداروں کو سب رجسٹرار آفس اعظم پورہ روانہ کیا جہاں کئی دن تک مسلسل دستاویزات کی جانچ کے بعد آخر کار رجسٹرار نے پہلے مرحلہ میں 12 رجسٹریوں کو منسوخ کردیا ہے۔ دیگر 12 رجسٹریوں کی منسوخی کیلئے وقف بورڈ سے دستاویزات حاصل کرلی گئیں اور توقع ہے کہ اندرون دو یوم یہ کام بھی مکمل ہوجائے گا۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے اسے بورڈ کی اہم کامیابی قرار دیا اور کہا کہ ریاست میں جہاں کہیں بھی غیر مجاز رجسٹریاں کرائی گئی ہیں انہیں منسوخ کرانے کی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے اظہار تشکر کیا جنہوں نے رجسٹری کی منسوخی کے سلسلہ میں محکمہ رجسٹریشن اینڈ اسٹامپ کو ہدایات جاری کی ہیں۔