خاندانی اجارہ داری پر ورون گاندھی کا اظہار تشویش

سیاست و دیگر شعبوں میں عام آدمی مواقع سے محروم ہورہا ہے
بنگلورو ۔ 19 جون ۔( سیاست ڈاٹ کام ) مختلف اہم ایریاس بشمول سیاست میں خاندانی اجارہ داری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ و رون گاندھی نے کہاکہ اس کی وجہ عام آدمی کیلئے مواقع بند ہورہے ہیں ۔ وہ کل یہاں فیڈریشن آف کرناٹک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیراہتمام منعقدہ ایک ایونٹ سے مخاطب کررہے تھے ۔ انھوں نے کہاکہ ’’ہم سیاست میں زیادہ لوگوں کیلئے دروازے کس طرح کھلے رکھتے ہیں! ہر ایک جانتا ہے کہ سیاست میں خاندانی رسائی ہوتی ہے ۔ہر ریاست میں اور ملک میں بعض ایسے خاندان ہیں جن کا سیاست میں غلبہ ہے جوکہ افسوسناک ہے ‘‘۔ورون گاندھی نے کہاکہ اگر آج کی فلم انڈسٹری ، اسپورٹس کے میدان ، سیاست اور انڈسٹری کو دیکھے تو اس میں عام آدمی کیلئے دروازے تقریباً بند دکھائی دیں گے ۔ نہرو فیملی سے تعلق رکھنے والے ورون گاندھی نے کہا کہ ’’اگر آپ باصلاحیت ہیں ایک چھوٹے ٹاؤن میں پروان چڑھے ہیں اور آپ میں کافی صلاحیت اور قابلیت ہو تو آپ کیا کریں گے ؟ انھیں بروئے کار لانے کا موقع نہ ملے تو یہ بیکار ہوجائیں گی اور اس بات سے مجھے دکھ ہوتا ہے ‘‘ ۔