خالدہ ضیاء کے گلشن دفتر میں پارٹی کارکنوں کا ہنگامہ

ڈھاکہ۔ 9 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) آئندہ انتخابات میں ٹکٹ نہ ملنے سے ناراض بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے کارکنوں نے پارٹی صدر خالدہ ضیاء کے گلشن دفتر میں توڑپھوڑ کی اور دھرنا دیا۔بی این پی کے بین الاقوامی امور کے سکریٹری اے این ایم احسان الحق ، تیمور عالم ، اور معظم سلیم کے سینکڑوں حامیوں نے ہفتہ کی شام ملک کی سابق وزیر اعظم خالدہ ضیاء کے دفتر کے سامنے مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا۔ حامیوں نے پارٹی کے جنرل سکریٹری مرزا فخر الاسلام عالمگیر کے خلاف نعرے لگائے ۔ حامیوں کو الزام تھا کہ ان کے رہنماؤں کو ٹکٹ نہیں ملا۔ مظاہرین نے پارٹی سے ٹکٹ کے معاملے پر نظر ثانی کرنے اور اپنے رہنماؤں کو ٹکٹ دینے کا مطالبہ کیا۔مظاہرین نے غصہ میں آکر آفس کے دو دروازوں کو بھی توڑنے کی کوشش کی۔ مظاہرین نے دفتر پر پتھر پھینکے اور کھڑکیوں کے شیشوں کو نقصان پہنچایا۔ بی این پی کی مستقل کمیٹی کے رکن مشرف حسین، نظر الاسلام خان اور متعدد دیکر پارٹی لیڈر مظاہرے کے دوران وہاں موجود تھے ۔