ڈھاکہ ۔ 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم اور مختلف مسائل سے دوچار اپوزیشن لیڈر خالدہ ضیاء کو آج مزید ایک دھکہ لگا جب عدالت نے گذشتہ سال حکومت کے خلاف احتجاجی مہم کے دوران ایک مسافر بس پر مہلک آتشزنی حملہ کے مقدمہ میں ان کے خلاف گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا۔ ڈھاکہ کی ایک عدالت سے میٹرو پولیٹن سیشنس جج نے اصل اپوزیشن جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی سربراہ 70 سالہ خالدہ ضیاء اور دیگر 27 افراد کے خلاف پولیس چارج شیٹ قبول کرنے کے بعد یہ وارنٹ جاری کیا۔ جج قمرالحسین ملا نے ان 28 افراد کے بشمول ان تمام 38 افراد کے خلاف الزامات کو سماعت کیلئے قبول کرلیا جو جاترا ہاری علاقہ میں گذشتہ سال جنوری کے دوران ایک آتشزنی حملہ سے متعلق ہیں۔