خالدہ ضیاء کے بیٹے کی نعش بنگلہ دیش منتقل

ڈھاکہ 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام )بنگلہ دیش کی قائد اپوزیشن خالدہ ضیاء کے بیٹے جنہوں نے ملائیشیاء میں خود ساختہ جلا وطنی اختیار کر رکھی تھی، کی نعش آج یہاں لائی گئی جن کا گدشتہ ہفتہ، انتقال ہوگیا تھا حالانکہ ملک کے حالات ہنوم دگرگوں ہیں جہاں تازہ ترین اطلاعات کے مطابق مزید دو افراد کی ہلاکت کے بعد حکومت مخالف احتجاج کرنے والوں کی ہلاکتوں کی جملہ تعداد 37 ہوگئی ۔ خالدہ ضیاء کی بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی ( بی این پی) کے سینئر قائدین نے مرحوم عرفات رحمان کو کو کی نعش حاصل کی جو ہفتہ کے روز قلب پر حملہ کے باعث انتقال کر گئے تھے۔ نعش کے ساتھ مرحوم کی اہلیہ اور دو بیٹیاں بھی ملائشین ایر لائنز کے طیارہ سے یہاں پہنچیں ۔ نعش کا دیدار کرنے کے لئے خالدہ ضیاء کے گلشن علاقہ میں واقع دفتر پر عوام کا جم غفیر موجود ہے ۔ بی این پی کے سینئر قائدین نے خالدہ ضیاء کو مشورہ دیا کہ وہ مرحوم کی ’’قل خوانی‘‘ میں شرکت کیلئے وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کو بھی مدعو کریں۔ بہرحال ،قطعی فیصلہ خالدہ ضیاء کو کرنا ہے۔