خالدہ ضیاء کی ضمانت کا فیصلہ 15 مئی کو مقرر

ڈھاکہ۔ 9 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیشی سپریم کورٹ نے آج کہا کہ 15 مئی کو ملک کی قائد اپوزیشن سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کی انسداد بدعنوانی مقدمہ میں ضمانت پر رہائی کی درخواست کا فیصلہ سنایا جائے گا۔ دونوں فریقین نے مسلسل دو دن تک فریقین کے دلائل کی سماعت کی۔ چیف جسٹس سید محمود حسین کی زیرقیادت سپریم کورٹ کی چار رکنی بینچ نے اپنا فیصلہ سماعت کی تکمیل پر محفوظ کردیا ہے اور منگل 15 مئی کو فیصلہ سنانے کا اعلان کیا ہے۔ 73 سالہ قائد اپوزیشن خالدہ ضیاء کو ماہ فروری میں بدعنوانی کے مقدمہ میں پانچ سال کی سزائے قید سنائی گئی تھی۔ انہوں نے مبینہ طور پر 2 کروڑ 10 لاکھ ٹکا (تقریباً 2 لاکھ 50 ہزار امریکی ڈالر) رقم کا غبن کیا تھا۔ ہائیکورٹ نے 12 مارچ کو خالدہ ضیاء کی چار ماہ کی عبوری ضمانت کی درخواست کی سماعت سپریم کورٹ کے سپرد کردی تھی جس نے فریقین کے دلائل کی سماعت کی تکمیل کے بعد 15 مئی کو فیصلہ سنانے کا اعلان کیا ہے۔