خادم حرمین شریفین شاہ عبد اللہ سب سے زیادہ طاقتور شخصیت

ریاض /7 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) فوربس میگزین نے خادم حرمین شریفین شاہ عبد اللہ بن عبد العزیز کو اس خطہ کی سب سے زیادہ طاقتور شخصیت قرار دیا ہے اور وہ اس دنیا کی سب سے طاقتور شخصیتوں کی فہرست میں گیارہواں مقام رکھتے ہیں۔ فوربس میگزین مڈل ایسٹ نے کہا کہ شاہ عبد اللہ کو برسوں سے کئی مرتبہ اس رینک کے لئے منتخب کیا جاتا رہا ہے، انھیں دنیا میں سب سے زیادہ بااثر شخص ہونے کا اعزاز حاصل ہے، کیونکہ عالمی امن و سلامتی کے لئے ان کے فیصلہ کن اقدامات کے باعث وہ دنیا کی سرفہرست ممتاز شخصیتوں میں شمار ہوتے ہیں۔ فوربس نے صدر روس ولادیمیر پوٹین کو سب سے طاقتور ترین فرد قرار دیا ہے، جب کہ ان کے بعد صدر امریکہ بارک اوباما کو دوسرا مقام اور صدر چین ژی ژپنگ کو تیسرا مقام دیا گیا ہے۔ شاہ عبد اللہ نے شاہ فہد کے انتقال کے بعد یکم اگست 2005ء میں شاہی حکومت کی قیادت سنبھالی ہے۔ دنیا کی فہرست میں پوپ فرانس کو چوتھا، جرمن کی چانسلر انجیلا مرکل کو پانچواں اور کھرب پتی بل گیٹس کو چھٹا مقام حاصل ہے۔