حیدرآباد ۔ 8 ۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : حج 2015 کے دوران خادم الحجاج کا منگل 12 مئی کو قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب عمل میں آئے گا ۔ جناب سید عمر جلیل اسپیشل سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود حکومت تلنگانہ ، جناب شیخ محمد اقبال اسپیشل سکریٹری و کمشنر محکمہ اقلیتی بہبود حکومت آندھرا پردیش اور جناب محمد جلال الدین اکبر بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کریں گے ۔ پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی صدارت کریں گے ۔ اس سال خادم الحجاج کی حیثیت سے تعیناتی کے لیے جملہ 162 درخواستیں وصول ہوئیں جن میں سے بعد تنقیح 142 امیدواروں کو اہل قرار دیا گیا ۔ اس سال دونوں ریاستوں تلنگانہ و آندھرا پردیش سے جملہ 14 خادم الحجاج کا انتخاب عمل میں آئے گا ۔ تلنگانہ سے تین اور دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد سے چار ریاست آندھرا پردیش کے علاقہ آندھرا سے تین اور علاقہ رائل سیما سے چار خادم الحجاج منتخب ہوں گے ۔ تلنگانہ سے تین خادم الحجاج کے لیے 42 اور دونوں شہروں کے چار خادم الحجاج کے لیے 74 امیدواروں نے درخواست دی ہے جب کہ علاقہ آندھرا سے تین خادم الحجاج کے لیے صرف چھ اور رائلسیما کے چار خادم الحجاج کے لیے 20 امیدوار موجود ہیں ۔ پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے بتایا کہ تلنگانہ کے نو اضلاع سے 1171 ، دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد سے 1704 عازمین اور علاقہ آندھرا سے 1000 و علاقہ رائلسیما سے 1334 عازمین اس سال حج کی سعادت حاصل کریں گے ۔۔