خادم الحجاج کے انتخاب کیلئے درخواستوں کی طلبی

حیدرآباد ۔ 2 ؍ مارچ ( پریس نوٹ) پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر آندھراپردیش اسٹیٹ حج کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ حج کمیٹی نے مستعد و اہل مسلم سرکاری ملازمین کے علاوہ عوامی شعبہ کے اداروں و دستوری اداروں کے ملازمین سے خادم الحجاج کی حیثیت سے حج 2014 کے دوران مملکت سعودی عربیہ میں حجاج کرام کی مدد و رہنمائی کیلئے تعیناتی کیلئے درخواستیں طلب کی ہیں ۔ امیدوار کی عمر 25 تا 50 سال کے درمیان ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ امیدوار مقرر نمونہ کے مطابق درخواستیں ضروری دستاویزات منسلک کرکے 31؍ مارچ یا اس سے قبل دفتر حج کمیٹی واقع حج ہاوز نامپلی میں داخل کرسکتے ہیں ۔ مقررہ تاریخ کے بعد وصول ہونے والی درخواستیں قبول نہیں کی جائیں گی اور نامکمل یا دستاویزات کے بغیر درخواستوں کو مسترد کر دیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حج کمیٹی نے پہلی مرتبہ عوامی شعبہ کے اداروں اور دستوری اداروں کے ملازمین کو بھی درخواست دینے کا اہل قرار دیا ہے ۔

سینئر عہدیدار جیسے مرکزی یا ریاستی گروپ I آفیسر درخواست دینے کے اہل نہیں ہونگے ۔ انہوں نے بتایا کہ ہر تین سو عازمین کے ہمراہ ایک خادم الحجاج کو روانہ کیا جائیگا ۔ جناب عبدالحمید ایکزیکیٹیو آفیسر اسٹیٹ حج کمیٹی نے کہا کہ جن امیدواروں نے مرکزی یا ریاست حج کمیٹی کی جانب سے منعقدہ اورینٹیشن یا ٹریننگ کیمپ میں شرکت کی ہو ان کے ناموں پر غور کیا جائیگا ۔ امیدواروں کو عربی زبان کے علاوہ حج امور سے واقفیت لازمی ہے ۔ خادم الحجاج کو عازمین حج کے ہمراہ جانا ہوگا اور انکے ساتھ ان کے افراد خاندان نہیں رہنے چاہئے ۔ منتخب خادم الحجاج کو یہ انتباہ بھی دیا جاتا ہے کہ اگر کسی خادم الحجاج کی کارکردگی کے تعلق سے قونصل جنرل انڈیا ‘ حج کمیٹی آف انڈیا وزارت خارجہ کی جانب سے خراب رپورٹ وصول ہو تو انہیں ان کے سفر پر حج کمیٹی کی جانب سے خرچ کی جانے والی ساری رقم واپس کر دینی ہو گی ۔ درخواست فارم اور تفصیلات دفتر حج کمیٹی واقع حج ہاوز نامپلی (فون نمبر : 040-23298793 ) سے حاصل کی جاسکتی ہیں ۔