24 جنوری تک آن لائن ادخال کی سہولت،حج اُمور سے واقفیت لازمی
حیدرآباد۔/29 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) حج 2019 کیلئے سنٹرل حج کمیٹی نے سعودی عرب میں حجاج کرام کی خدمت اور رہنمائی کے سلسلہ میں خادم الحجاج کیلئے درخواستیں طلب کی ہیں۔ اہل سرکاری ملازمین آن لائن درخواستیں 24 جنوری تک داخل کرسکتے ہیں۔ ہر 200 عازمین کیلئے ایک خادم الحجاج کا انتخاب کیا جائے گا۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مسیح اللہ خان اور اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ آن لائن درخواست کی اوریجنل ہارڈ کاپی تمام ضروری منسلکات کے ساتھ 14 جنوری 2019 تک دفتر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی، حج ہاوز نامپلی میں داخل کرنا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ یکم جولائی 2019 کو امیدواروں کی عمر 25 تا58 سال کے درمیان ہونی چاہیئے اور وہ حج یا عمرہ کی سعادت سے مستفید ہوچکے ہوں اور انہیں حج اُمور سے بخوبی واقفیت ہونی چاہیئے۔ امیدواروں کے پاس 14 جنوری 2019 یا اس سے قبل جاری کردہ انٹرنیشنل پاسپورٹ ہونا چاہیئے جو 31 جنوری 2020 تک کارکرد ہونا چاہیئے۔ منتخب خادم الحجاج کو ہر فلائیٹ میں ایک خادم کے حساب سے سعودی عرب روانہ کیا جائے گا تاکہ وہ دوران سفر اور مناسک حج اور سعودی عرب میں قیام کے دوران عازمین حج کی مدد اور رہنمائی کرسکیں۔سرکاری ملازمین کے علاوہ عوامی شعبہ کے اداروں، دستوری اداروں کے ملازمین، ملازمین پولیس و ہوم گارڈ، محکمہ جات جنگلات اور مال کے ملازمین درخواست دینے کے اہل ہیں۔ ان کی تعیناتی مرکزی حج کمیٹی کی منظوری کے تابع ہوگی۔ منتخب خادم الحجاج کو کسی رشتہ دار کو ساتھ لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ امیدواروں کی خدمات جس علاقہ میں ہوں اسی کی بنیاد پر علاقہ کا تعین ہوگا۔ امیدواروں کو عربی زبان کے علاوہ حج اُمور سے واقفیت لازمی ہوگی۔ انہیں گورنمنٹ ہاسپٹل سے میڈیکل سرٹیفکیٹ اور عہدیدار مجاز سے نوآبجیکشن سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگا۔ منتخب خادمین کو سنٹرل حج کمیٹی کے ٹریننگ پروگرام میں شرکت لازم ہوگی ورنہ ان کا انتخاب منسوخ کردیا جائے گا۔ اگر کسی نے ایک مرتبہ بحیثیت خادم الحاج خدمات انجام دی ہوں اور اس کے خلاف کونسل جنرل جدہ کے ناموافق ریمارکس ہوں تو وہ درخواست دینے کا اہل نہیں ہوگا۔ درخواست فارم اور دیگر تفصیلات تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے ویب سائیٹ یا سنٹرل حج کمیٹی کے ویب سائیٹ سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔www.hajcommittee.gov.in