خادم الحجاج کیلئے درخواست دینے کی 7جون آخری تاریخ

ہر دو سو عازمین کیلئے ایک خادم الحجاج کا انتخاب ہوگا: پروفیسر ایس اے شکور
حیدرآباد2 جون ( پریس نوٹ ) حج کمیٹی آف انڈیا ممبئی نے حج 2017 کے لئے مملکت سعودی عربیہ میں حجا ج کرام کے قیام کے دوران ان کی مدد و رہنمائی کے مقصد سے خادم الحجاج کی تعیناتی کیلئے اہل سرکاری ملازمین سے درخواستیں طلب کی ہیں۔ پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے ایک پریس نوٹ میںبتایا ہے کہ اس سال ہر دو سو عازمین حج کے لئے ایک خادم الحجاج کو روانہ کیا جائے گا‘ تاکہ ہر فلائیٹ میں ایک خادم الحجاج روانہ کیا جاسکے‘ اور وہ سفر حج کے دوران وقت ضرورت عازمین حج کی مدد و رہنمائی انجام دے سکیں ۔ درخواست دینے کی آخری تاریخ 7جون 2017 ہے ‘ انہوں نے بتایاکہ سرکاری ملازمین کے علاوہ عوامی شعبہ کے اداروں ‘ دستوری اداروں کے ملازمین‘ پولیس ملازمین و ہوم گارڈز ‘ محکمہ جنگلات اور محکمہ مال کے ملازمین درخواست دینے کے اہل ہیں۔ تاہم ان کی تعیناتی مرکزی حج کمیٹی کی منظوری کے تابع ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ یکم جولائی 2017 کو امیدواروںکی عمر 25تا 58 سال کے درمیان ہونی چاہئے اور انہو ںنے حج یا عمرہ ادا کر لیاہو اور ان کو حج امور سے گہری واقفیت ہونی چاہئے۔ ان کے پاس 28فبروری 2018تک کارکردانٹر نیشنل پاسپورٹ بھی موجود رہنا چاہئے ۔ منتخب خادم الحجاج کو کسی فرد خاندان کو اپنے ساتھ لے جانے کی اجاز ت نہیں ہوگی۔ امیدوار جس علاقہ میں خدمات انجام دے رہے ہوں اس کی بنیاد پر ہی ان کے علاقہ کا تعین ہوگا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے مزید بتایا کہ امید واروں کو عربی زبان کے علاوہ حج امور سے واقفیت لازمی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ امیدواروں کو اچھی صحت کا مالک ہونا اور عوامی تقاریب منظم کرنے کا تجربہ ہونا چاہئے ‘ ان کو گورنمنٹ ہاسپٹل سے ایک میڈیکل سرٹیفیکیٹ اور عہدیدار مجاز سے نو آبجیکشن سرٹیفیکیٹ پیش کرنا ہوگا۔ منتخب خادم الحجاج کو مرکزی حج کمیٹی کے ٹریننگ پروگرام میں لازماً شرکت کرنا ہوگا‘ ورنہ ان کا انتخاب منسوخ کردیا جائے گا۔ کسی نے ایک مرتبہ بحیثیت خادم الحجاج خدمات انجام دی ہوں اور اس کے خلاف قونصل جنرل جدہ کے نامواقف ریمارکس ہوں تو وہ درخواست دینے کا اہل نہیں ہوگا۔ درخواست فارم اور تفصیلات تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کی ویب سائیٹ www.telanganastatehajcommittee.comسے ڈاؤن لوڈ کئے جاسکتے ہیں۔ درخواستیں تمام ضروری دستاویزات منسلک کرتے ہوئے دفتر حج کمیٹی میںداخل کی جائیں۔