بالٹی مور۔26نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) بالٹی مور انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے گذشتہ ہفتہ شکاگو جانے والی ایک فلائٹ سے چار مسافروں کو فوری طور پر اس وقت اُتار دیا گیا جب ایک خاتون مسافر نے یہ شکایت کی کہ ان مسافروں میں سے ایک کے پاس ایک ایسا ٹیکسٹ پیغام آیا جس میں لفظ ’’ ڈائنامیٹ‘‘ کا استعمال کیا گیا تھا اور ہندوستان کے ایک ایئرپورٹ کا کوڈ بھی تحریر کیا گیا تھا ‘ تاہم میری لینڈ ٹرانسپورٹیشن اتھاریٹی پولیس کے ترجمان جوناتھن گرین نے بتایا کہ مذکورہ مسافرین کے فون پر ایسا کوئی پیغام نہیں پایا گیا ۔ خاتون مسافر کا کہنا ہے کہ اس نے اپنے ساتھی مسافر کو فون پر ایک ایسی زبان میں بات کرتے ہوئے سنا جو انگریزی نہیں تھی اور جب اس نے فون پر پیغام وصول کیا تو بی ایل آر ڈائنامیٹ تحریر تھا ۔