نیویارک ۔ 2 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام) : ایک 34 سالہ ہندوستانی کی اس کی دلیری پر امریکی پولیس نے نہ صرف اس کی تعریف کی بلکہ اسے انعام سے بھی نوازا ۔ انیل وناولی نامی شخص نے اپنی ساتھی خاتون ورکر کو بچانے کے لیے ریل کی پٹری پر کود کر بحفاظت پلیٹ فارم پر لے آیا کیوں کہ وہ اس وقت پٹری پر آتی ہوئی ٹرین کی زد پر تھی ۔ انیل وناولی جو ایک ڈیٹا ایڈمنسٹریٹر ہے ۔ وہ میان بٹن جانے کے لیے ریلوے اسٹیشن پر اپنی ٹرین کا انتظار کررہا تھا ۔ اس وقت 26 سالہ ہندوستانی نژاد خاتون مادھوری ریچیرلا پٹریوں پر گر گئی ۔ یہ واقعہ ریڈیسن ، ٹرین اسٹیشن پر رونما ہوا ۔ انیل نے اپنی پیٹھ پر رکھے ہوئے بیاگ کو پلیٹ فارم پر رکھا اور پٹریوں پر کود گیا تاکہ ریچیرلا کو آنے والی ٹرین کی زد میں آنے سے بچایا جائے ۔ حیرت انگیز بات یہ ہوئی کہ جس وقت انیل انسانیت کا فرض سمجھتے ہوئے خاتون کی جان بچانے میں لگا ہوا تھا کہ پلیٹ فارم پر رکھے ہوئے اس کے بیاگ کا کسی نے سرقہ کرلیا جس میں اس کا لیاپ ٹاپ کمپیوٹر اور ہیڈ فون تھے ۔ جن کی قیمت 700 امریکی ڈالرس تھی جب کہ 200 ڈالرس نقد رقم بھی بیاگ میں موجود تھی اور ساتھ ہی ساتھ شناختی کارڈ بھی تھا ۔ انیل نے کہا کہ اسے بڑی حیرت ہوئی ایسی صورت حال میں بھی کوئی چوری کرسکتا ہے ۔ ایڈیسن پولیس نے بعد ازاں بطور انعام 1000 ڈالرس کا چیک انیل کے حوالے کیا ۔ سیکوریٹی کیمروں کے ذریعہ سارق کی شناخت کی جارہی ہے ۔ پولیس سربراہ تھامس برائن نے کہا کہ پولیس سارق کو ڈھونڈ نکالے گی کیوں کہ ایسے انسانی جذبہ کی قدر کی جانی چاہئے اور سارق نے اس وقت موجودہ صورتحال حال کی پرواہ بھی نہیں کی ۔ انیل نے بھی حیرت و استعجاب کے ساتھ مسٹر برائن سے یہی سوال کیا کہ کیا کوئی اس صورت حال میں بھی چوری کرسکتا ہے ۔