گواہاٹی،13ستمبر (سیاست ڈاٹکام ) آسا م میں شمالی لکھیم پور ضلع کے کھبلو علاقہ میں اسپتال لے جانے کے لئے گاڑی نہ ہونے کی وجہ سے ایک خاتون نے بارش کے دوران سڑک کے کنارے بچے کوجنم دیا۔زچگی کے لئے زنگ لگی ہوئی ٹین اور دو چھتری کا چھپر بناکر چار دیگر خواتین نے بچے کے جنم میں مدد کی۔ بعد میں نزدیکی گاوں کے لوگ ماں اور بچے کو محفوظ مقام پر لے گئے ۔بچے کو سڑک پر جنم دینے کے بعد ماں او رنوزائیدہ بچے نے پوری رات کھلے آسمان کے نیچے سوبانسیری ندی کے کنارے گزاری اور آج صبح مجولی میں واقع پتانمبر دیو گوسوامی سول اسپتال میں انہیں داخل کرایا گیا۔مقامی میڈیا سے موصول اطلاع کے مطابق شمالی لکھیم پور کے پتھوری سک میں رہنے والی 22 سالہ خاتون ایمونی نارا کل علاج کے لئے اسی اسپتال میں جارہی تھی ، جہاں پر آج داخل ہے ۔اس سے پہلے ڈاکٹر نے سونوگرافی ٹیسٹ بھی کیا تھا اور بتایا تھا کہ اگلے ہفتہ کے آخر تک بچہ کی پیدائش کی کوئی امید نہیں ہے ۔