جھانسی۔27مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ٹرین میں تنہا سفر کرنے والی خاتون مسافروں کیلئے ترجیحی بنیاد پر خالی برتھ پہلے محفوظ کی جائیں گی۔ ایک پی این آر نمبر پر اگر ایک خاتون یا گروپ میں خواتین ہیں تو ان تمام کے لئے ایکسپریس اور میل ٹرینوں کے سلیپر اور اے سی کوچ میں 6 سیٹیں محفوظ کی گئی ہیں۔
اس سلسلہ میں ریلوے بورڈ نے تمام زون کو نوٹفکیشن جاری کردیا ہے ۔ ریلوے بورڈ نے تمام زون کو ہدایت دی ہے کہ ٹرین میں تنہاسفر کررہی خواتین مسافروں کو ترجیحی بنیاد پر خالی برتھ دستیاب کرائی جائے ۔ شمال وسطی ریلوے کے جھانسی ڈویزن کے پی آر او منوج کمار سنگھ نے بتایا کہ ریلوے بورڈ کی ہدایت پر ٹکٹ سسٹم کو اپ گریڈ کرلیا گیا ہے ۔ تنہا سفر کررہی خواتین مسافروں کے لئے سلیپر او ر اے سی کوچ میں 6 برتھ محفوظ رکھی جارہی ہیں اور ترجیحؔ بنیاد پر انہیں برتھ دی جارہی ہے ۔یہ سہولت صرف ان ہی خواتین کو ملے گی جن کے پی این آر نمبر پر خاتون مسافر ہوں گی خواہ وہ تنہا ہوں یا پھر گروپ میں۔جس ایک پی این آر نمبر پر خاتون مسافر کے ساتھ ساتھ مرد مسافر بھی شامل ہیں تو انہیں کوٹہ کا فائدہ نہیں ملے گا۔