خاتون عازمین حج کے لیے 200 نشستوں کا الاٹمنٹ

20 مئی تک درخواستیں دینے کی سہولت : پروفیسر ایس اے شکور
حیدرآباد ۔ 20 ۔ اپریل : ( پریس نوٹ) : پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ حج کمیٹی آف انڈیا ممبئی نے ہندوستان بھر میں ایسی خواتین کے لیے 200 نشستیں مختص کی ہیں ۔ جن کے شرعی محرم کا نام حج 2015 کے لیے قرعہ اندازی میں منتخب ہوچکا ہے لیکن ان خواتین نے درخواست نہیں دی تھی ، جس کی وجہ سے ان کا نام اپنے محرم کے ساتھ کور نمبر میں شامل نہیں ہوا ہے ۔ ایسی خواتین جو اپنے شرعی محرم کے ساتھ حج کی ادائیگی کی خواہش مند ہوں وہ تلنگانہ و آندھرا پردیش ریاستی حج کمیٹی کے توسط سے درخواست دے سکتی ہیں جو زیادہ سے زیادہ 20 مئی 2015 تک دفتر حج کمیٹی واقع حج ہاوز نامپلی پہنچ جانی چاہئیں ۔ درخواست کے ہمراہ ایک اقرار نامہ منسلک کیا جائے جس کا نمونہ دفتر تلنگانہ حج کمیٹی سے حاصل کیا جاسکتا ہے ۔ درخواست گزار خواتین یہ واضح کریں کہ منتخب محرم کے ساتھ حج 2015 کے لیے ان کے درخواست داخل نہ کرنے کی کیا وجہ تھی ، ان کی عمر کیا ہے اور وہ حج 2015 کے لیے اس محرم کے ساتھ ہی حج پر کیوں جانا چاہتی ہیں ۔ آنے والے برسوں میں وہ سفر حج کیوں نہیں کرسکتیں ۔ ان کے خاندان میں اورکون شرعی محرم موجود ہیں ۔ اس کے علاوہ وہ دستاویزات پیش کرتے ہوئے حقیقی محرم کیساتھ ان کے رشتہ کا ثبوت پیش کریں ، ورنہ ان کی درخواست مسترد کردی جائے گی ۔ مزید تفصیلات دفتر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نامپلی حیدرآباد فون نمبر 040-23298793 سے حاصل کی جاسکتی ہیں ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے اس موقع سے فائدہ اٹھا کر درخواست دینے کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ اگر درخواست گزاروں کی تعداد 200 نشستوں سے زیادہ ہوجائے تو پھر قرعہ اندازی کے ذریعہ خاتون عازمین کا انتخاب کیا جائے گا ۔۔