خاتون عازمین حج کیلئے مزید 200 نشستیں مختص

حیدرآباد ۔ 12 مئی (پریس نوٹ) پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر آندھراپردیش اسٹیٹ حج کمیٹی نے بتایا ہیکہ وزارت خارجہ نے ملک بھر میں خاتون عازمین حج کیلئے 200 نشستیں الاٹ کی ہیں، جن کے محرم کا نام قرعہ اندازی میں آ چکا ہے لیکن ان خواتین نے حج 2014ء کیلئے درخواست نہیں دی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب کے قانون کے مطابق کوئی خاتون محرم کے بغیر فریضہ حج ادا نہیں کرسکتی۔ تاہم ایسی خواتین جو حج کی ادائیگی کی خواہشمند ہیں جن کے محرم کا نام قرعہ اندازی میں آ چکا ہے لیکن وہ رہ گئی ہیں اور آئندہ محرم کے ساتھ ان کے حج کرنے کے امکانات نہیں ہیں تو وہ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے حج کیلئے درخواست دے سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حج کمیٹی آف انڈیا میرٹ کی بنیاد پر موصولہ درخواستوں پر غور کرے گی۔ مقررہ نشستوں سے زیادہ تعداد میں درخواستیں وصول ہونے کی صورت میں قرعہ اندازی کے ذریعہ درخواست گذاروں کا انتخاب کیا جائے گا۔ ایگزیکیٹیو آفیسر حج کمیٹی جناب عبدالحمید نے کہا کہ ایسی خواتین اپنی درخواستیں 24 مئی تک دے سکتی ہیں۔ درخواست گذار خواتین کو ایک اقرارنامہ کے ساتھ ہر لحاظ سے مکمل خانہ پری کی ہوئی درخواستیں داخل کی جانی چاہئیں اور اس امرکی بھی وضاحت کرنی چاہئے کہ منتخب محرم کے ساتھ حج 2014ء کیلئے درخواست داخل نہ کرنے کی وجہ کیا تھی، ان کی عمر کیا ہے، حج 2014ء کے دوران خاتون اس محرم کے ساتھ ہی کیوں حج کیلئے جانا چاہتی ہیں۔ آنے والے برسوں میں وہ سفر حج کیوں نہیں کرسکتیں۔ ان کے خاندان میں موجود شرعی محرم کی تفصیلات وغیرہ۔ مزید تفصیلات حج کمیٹی کے دفتر واقع حج ہاؤز نامپلی فون نمبر 040-23298793 سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔