حیدرآباد۔ 2 جنوری (سیاست نیوز) تلگو کے مشہور غزل گلوکار سرینواس عرف غزل سرینواس کو پنجہ گٹہ پولیس نے خاتون سے دست درازی اور اسے ہراساں کرنے کے الزام میں گرفتار کرکے جیل بھیج دیا۔ تفصیلات کے بموجب 29 ڈسمبر کو ایک خاتون جو پیشہ سے ویب ریڈیو جاکی ہے، نے پنجہ گٹہ پولیس میں ایک تحریری شکایت درج کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ غزل سرینواس درخواست گذار خاتون کی ابتر معاشی حالت کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے اسے اپنے کمرہ میں طلب کرکے اس کے ساتھ مبینہ طور پر ناشائستہ سلوک کیا۔ پولیس نے درخواست پر فی الفور کارروائی کرتے ہوئے غزل سرینواس کے خلاف ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا اور اسی دوران خاتون نے سی سی ٹی وی کیمروں کے ویڈیو پولیس کے حوالے کئے جس میں غزل سرینواس کی جانب سے خاتون کو جنسی طور پر استحصال کرنے کے مناظر دکھائی دیئے۔ پولیس نے غزل سرینواس کو اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن طلب کیا اور بعدازاں اسے گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے سرینواس کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے چنچل گوڑہ جیل منتقل کردیا۔ واضح رہے کہ گرفتار غزل گلوکار نے خاتون سے دست درازی اور جنسی ہراسانی کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اس نے خاتون سے صرف فزیوتھراپی کرائی تھی لیکن اس کے خلاف جھوٹی اور بے بنیاد شکایت درج کروائی گئی۔ قبل ازیں غزل سرینواس نے عدالت میں درخواست ِضمانت داخل کی لیکن اسے مسترد کردیا گیا۔