حیدرآباد 5 اگسٹ (پی ٹی آئی) آندھراپردیش پولیس نے ایم بی اے کے ایک طالب علم کے بشمول دو افراد کو آج گرفتار کرلیا جو ایک سوشیل نیٹ ورکنگ سائٹ تیار کرتے ہوئے اُس حلقہ اراکو کی نمائندگی کرنے والی وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی رکن پارلیمنٹ کے گیتا کے خلاف فحش تبصروں کے ساتھ سیاسی کارٹونس پوسٹ کررہے تھے۔ ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس سی ایچ دوارکا ترمل راؤ نے کہاکہ آندھراپردیش پولیس کے کرائم انوسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ (سی آئی ڈی) نے تلنگانہ کے ضلع محبوب نگر سے تعلق رکھنے والے آئی روی کرن اور آندھراپردیش کے ضلع پرکاشم میں اونگول ٹاؤن سے تعلق رکھنے والے ایک ایم بی اے طالب علم پی سریش کرشنا کو اِس ضمن میں گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق روی کرن نے فیس بُک پر سیاسی کارٹونس پر مشتمل ایک پیج بنایا تھا۔ 30 اور 31 جولائی کو اِس پر چند کارٹونس پوسٹ کئے گئے تھے جبکہ کرشنا نے مبینہ طور پر چند فحش تبصرے درج کیا تھا۔ کے گیتا کی طرف سے وائی ایس آر پارٹی کے لیڈر جی کوٹیشور راؤ منڈل کنوینر جی کے ویدھی منڈل وشاکھاپٹنم نے شکایت درج کروائی اور متعلقہ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کو سی آئی ڈی کے سپرد کردیا تھا۔ دوران تحقیقات پتہ چلا کہ یہ یہ سائبر چھیڑ چھاڑ کا واقعہ ہے اور ملزم نے اراکو کی رکن پارلیمنٹ کے گیتا کے خلاف قابل اعتراض تصاویر اور کارٹونس فیس بُک پر پوسٹ کئے ہیں اور کئی افراد نے انتہائی فحش تبصرے کئے ہیں۔ سی آئی ڈی کے سائبر کرائم سیل نے تکنیکی پہلوؤں کے جائزہ اور موصولہ معلومات کی بنیاد ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی جس میں اِن دونوں کا پتہ چلایا جن کے خلاف انفارمیشن ٹیکنالوجی قانون کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔