حیدرآباد ۔ 5 اکٹوبر ( این ایس ایس ) آندھراپردیش کے چیف منسٹر این چندرابابونائیڈو نے آج اپنی پارٹی کے ایک سینئر لیڈر ورلہ رامیا کی سخت سرزنش کی ۔ چندرابابونائیڈو نے رامیا سے کہا کہ وہ اپنے قابل اعتراض حرکات کے ذریعہ پارٹی کو بدنام نہ کریں ۔ مسٹر نائیڈو نے مسٹر رامیا سے کہا کہ مستقبل میں کانو مرو جیسے واقعات کا اعادہ نہ کرے۔ واضح رہے کہ ضلع کرشنا پامرو اسمبلی حلقہ کے کانومرو گاوں میں گذشتہ روز منعقدہ جنم بھومی پروگرام کے دوران ورلہ رامیا بھی کسی دعوت کے بغیر شہ نشین پر پہنچ گئے اور پروگرام میں سرگرم حصہ لیا جس پر مقامی رکن اسمبلی یو کلپنا نے رامیا سے دریافت کیا کہ وہ کس حیثیت سے شہ نشین پر پہنچے ہیں جس پر برہم رامیا نے جھنجھلا کر الٹا سوال کیا کہ ’آپ نے مجھ سے یہ بات پوچھنے کی جرات ہی کیسے کی ؟ ‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہماری پارٹی اس ریاست پر حکومت کر رہی اور گذشتہ انتخابات میں محض ایک ہزار ووٹوں کی معمولی اکثریت سے ہار گیا تھا آپ کو یہ بات یاد رکھنا چاہئے ۔ رامیا نے کلپنا سے یہ تک کہہ دیا کہ ’ مستقبل قریب میں آپ (کلپنا) بھی ہماری پارٹی میں شامل ہوجائیں گے ‘ ۔