خاتون حملہ آور نے حاملہ خاتون کو چاقو گھونپ دیا

واشنگٹن ۔ 19مارچ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی خواتین بھی ایک دوسرے کے تئیں کتنا بغض اور کتنی نفرت رکھتی ہیں اس کا اندازہ کل رونا ہوئے ایک واقعہ سے کیا جاسکتا ہے جہاں ایک خاتون نے ایک دیگر حاملہ خاتون کو چاقو گھونپ دیا اور انتہائی سفاکانہ انداز میں اُس کے پیٹ میں پلنے والے نامکمل بچہ کو کھینچ کر باہر نکال لیا۔ جس وقت یہ واقعہ رونما ہوا اُس وقت حاملہ خاتون اپنے ہونے والے بچے کیلئے کپڑے خریدنے کی تیاریاں کررہی تھی جس کا اشتہار آن لائن دیا گیا تھا ۔ 34 سالہ ملزمہ جسے گرفتار کیا جاچکا ہے ، نے آن لائن ایک اشتہار دیا تھا جس میں بچوں کے کپڑوں کی فروختگی کے بارے میں تفصیلات دی گئی تھی ۔ کولوراڈو کے لانگ مانٹ پر دیئے گئے پتہ پر سات ماہ کی حاملہ خاتون پہنچی جہاں اُسے بری طرح زدوکوب کرتے ہوئے چاقو گھونپ دیا گیا ۔ جس وقت پولیس وہاں پہنچی اُس نے حاملہ خاتون کو خون میں لت پت دیکھا جہاں اُس کے پیٹ میں چاقو گھونپ دیا گیا تھا ۔ اُسے فوری ہاسپٹل لیجایا گیا جہاں اُس کی سرجری کی گئی اور اس طرح اس کی جان بچ گئی تاہم بچہ نہیں بچ سکا ۔ پولیس نے حملہ آور خاتون کو اس وقت گرفتار کرلیا جب وہ حاملہ خاتون کے بچہ کے ساتھ ہاسپٹل پہنچی اور اسٹاف کو بتایا کہ اُس کا حمل ضائع ہوچکا ہے۔ تحقیقات میں دونوں ہی خواتین کانام ظاہر نہیں کیا گیا ہے البتہ یہ ضرور بتایا گیا ہے کہ دونوں ایک دوسرے سے واقف نہیں تھیں۔ پولیس نے حملہ آور خاتون کو دماغی طورپر عدم توازن کا شکار بتایا ہے ۔