نیویارک ۔ 2 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی خاتون اول میلانیا ٹرمپ اور ان کا 10 سالہ بیٹا بیرن شاید کبھی بھی وائیٹ ہاؤس منتقل نہیں ہوں گے۔ میڈیا کی رپورٹ کے مطابق70 سالہ ڈونالڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ میلانیا نے گذشتہ سال نومبر میں ہی یہ اعلان کردیا تھا کہ ان کے بیٹے بیرن کی اسکولی تعلیم مکمل ہونے کے بعد میلانیا نیویارک سے واشنگٹن منتقل ہوجائیں گی۔ تاہم قریبی خاندانی ذرائع نے بتایا کہ ایسا شاید کبھی نہیں ہوگا۔ بہرحال یہ کہا جارہا ہیکہ میلانیا وہی کریں گی جو بیرن کے حق میں بہتر ہوگا۔ جہاں تک میلانیا اور ٹرمپ کا علحدہ رہنے کا سوال ہے تو یہ بھی کہا جارہا ہیکہ ٹرمپ کی طرز زندگی کچھ اس نوعیت کی ہیکہ وہ آزادانہ زندگی گذارنے کو پسند کریں گے۔ میڈیا کے پوچھے جانے پر کیا میلانیا اور بیرن کے ساتھ نہ ہونے پر کیا صدر موصوف خود کو تنہا محسوس نہیں کریں گے؟ جس کا جواب دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ بالکل نہیں! کیونکہ وہ اپنے کام کاج کے ا وقات میں توسیع کردیں گے۔ بہرحال یہ بات بھی کہی جارہی ہیکہ ویک اینڈ میں دونوں ٹرمپ کے ساتھ وقت گذارنے وائیٹ ہاؤس آئیں گے۔ میلانیا خود اپنی ٹیم تشکیل دینے میں مصروف ہیں جن میں چیف آف اسٹاف، سینئر مشیر اور سوشیل سکریٹری جیسے اہم تقررات شامل ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ میلانیا ایک ماں کے فرائض انجام دینے کے ساتھ ساتھ خاتون اول ہونے کے فرائض بھی بخوبی ادا کریں گے۔