خاتون اول صدر ٹرمپ کے ساتھ کینیڈا و سنگاپور نہیں جائیں گی

واشنگٹن ۔ 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) امریکی خاتون اول میلانیا ٹرمپ اپنے شوہر امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ہمراہ کینیڈا میں Group 7 چوٹی کانفرنس میں شرکت نہیں کریں گی اور نہ ہی سنگاپور میں شمالی کوریائی قائد کم جونگ ان کی ٹرمپ سے ملاقات کے وقت موجود رہیں گی جنہیں نیوکلیئر توانائی کے موضوع پر اہم بات چیت ہونے والی ہے۔ میلانیا ٹرمپ کی خاتون ترجمان اسٹیفانی گریشم نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نہ تو محترمہ G-7 چوٹی کانفرنس میں شرکت کریں گی اور نہ ہی سنگاپور جائیں گی۔ یاد رہیکہ گذشتہ ماہ میلانیا ٹرمپ کا گردہ میں تکلیف کی وجہ سے ایک آپریشن کیا گیا تھا جسے ’’ایمبولائزیشن پروسیجر‘‘ کہا جاتا ہے۔ اس کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں آرام کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ مئی کے وسط میں ہاسپٹل سے ڈسچارج کے بعد میلانیا ٹرمپ نے کسی بھی عوامی تقریب میں شرکت نہیں کی ہے۔