ح8لقوں میں فورم کے تائیدی اور 111 حلقوں میں ضمیر کی آواز پر ووٹ دیں

حیدرآباد۔2۔ڈسمبر(سیاست نیوز) یونائیٹڈ مسلم فورم نے مجوزہ ریاستی اسمبلی کے انتخابات کے دوران شہر حیدرآباد کے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ فورم کی جانب سے تائید کئے گئے مجلس کے 8امیدواروں کو کامیاب بنائیں اور ریاست کے باقی 111 حلقہ جات اسمبلی میں ضمیر کی آواز پر ووٹ کا استعمال کریں۔پرانے شہر کے 8حلقہ جات اسمبلی میں مسلمانوں سے ضمیر کے بجائے فورم کی اپیل کے مطابق ووٹ کے استعمال کی اپیل کی گئی ہے جبکہ مابقی حلقہ جات اسمبلی میں کی گئی اپیل میں مسلمانوں کے ضمیر کو جگانے کی کوشش کرتے ہوئے ریاست کے مسلمانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ مقامی سطح پر سیکولر اور قابل امیدواروں کے حق میں ضمیر کی آواز پر ووٹ دیں۔ یونائیٹڈ مسلم فورم کی جانب سے جاری کردہ پریس نوٹ میں یہ بات واضح کی گئی ہے کہ مجلس کے 8امیدواروں کی بھرپور تائید کی جائے گی اور مابقی حلقہ جات اسمبلی میں کسی کی بھی تائید سے فورم نے گریز کرتے ہوئے ضمیر کی آواز پر ووٹ کے استعمال کا مشورہ دیا اور کہا کہ امیدوار کی قابلیت اور سیکولر کردار کی بنیاد پر ووٹ دیں۔ فورم کی جانب سے کی گئی تائید کا یہ واضح مطلب لیا جانے لگا ہے کہ فورم نے 8حلقہ جات اسمبلی میں مسلمانوں کوضمیر کی آواز پر کوئی اقدام کرنے سے باز رکھنے کی کوشش کی ہے۔بتایاجاتاہے کہ فورم کے اجلاس کے دوران تلنگانہ راشٹر سمیتی کی تائید سے اس لئے گریز کیا گیا کیونکہ فورم کے ذمہ دار جماعت اسلامی کے فیصلہ کی سرزنش کا اندازہ کرچکے ہیںاسی لئے کھل کر کسی کی بھی تائید نہیں کی گئی جبکہ تلنگانہ راشٹر سمیتی کی حلیف جماعت کے 8امیدواروں کی تائید کے متعلق یہ کہا جا رہا ہے کہ اس سلسلہ میں فورم کی جانب سے پہلے ہی فیصلہ کیا جاچکا تھا۔فورم کے اجلاس میں شریک ایک ذمہ دار نے کہا کہ کافی غور و خوص کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے ۔اجلاس کا انعقاد مولانا محمد رحیم الدین انصاری صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کی صدرات میں ہوا۔ اجلاس میں مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین حسینی صابری ڈائریکٹر دارالسلام کوآپریٹیو اربن بینک‘ مولانا سید ظہیر الدین علی صوفی ڈائریکٹر دارالسلام کو آپریٹیو اربن بینک‘ جناب ضیاء الدین نیر تعمیر ملت ‘ مولانا سید احمد الحسینی سعید قادری ‘ مولانا مفتی صادق محی الدین فہیم کے علاوہ دیگر موجود تھے ۔